ابوظہبی، 24 مارچ، 2025 (وام) — صدرِ مملکت شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر متحدہ عرب امارات نے مشرقی یروشلم کے المقاصد اسپتال کے لیے 64.5 ملین ڈالر کی مالی امداد مختص کی ہے۔ اس امداد کا مقصد اسپتال کے آپریشنل اخراجات، طبی عملے اور طبی سہولیات کی بہتری کو یقینی بنانا ہے۔
صدارتی دفتر برائے ترقیاتی امور و شہداء کی فلاح کے نائب چیئرمین اور بین الاقوامی انسانی و فلاحی کونسل کے چیئرمین شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات فلسطینی عوام کی ہر سطح پر مدد جاری رکھے گا۔
انہوں نے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی فلسطینی عوام کے لیے پائیدار حمایت اور صحت کے شعبے میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ساتھ مل کر جاری تعاون کو بھی اجاگر کیا۔
اماراتی امدادی ادارے کے چیئرمین ڈاکٹر طارق احمد العامری نے کہا کہ "الامارات بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مل کر مشرقی یروشلم، غزہ اور دیگر اہم علاقوں میں صحت کی سہولیات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ المقاصد اسپتال ایک مرکزی طبی مرکز ہے جہاں دل کے آپریشن، بچوں اور ہڈیوں کے امراض، طبی تحقیق اور ہمہ گیر طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔"
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم گیبرییسس نے بتایا کہ، "ہم امارات کے شکر گزار ہیں کہ وہ المقاصد اسپتال کی مدد کر رہا ہے تاکہ یہ اسپتال اہم طبی خدمات جاری رکھ سکے۔ اس امداد سے اسپتال کو ضروری ادویات، طبی سامان، امیجنگ سہولیات، زچہ و بچہ شعبے کی بہتری، اور 11 شعبہ جات میں 100 سے زائد ریزیڈنٹس کی تربیت ممکن ہو رہی ہے۔"
اسپتال کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمر ابو زیدہ نے امارات کی مسلسل مدد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ، "متحدہ عرب امارات کی مدد ہمارے لیے بے حد اہم ہے، جس کی بدولت ہم اپنی خدمات مؤثر انداز میں جاری رکھ سکتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا، "متحدہ عرب امارات، مرحوم شیخ زاید کے دور سے لے کر آج تک، فلسطینی عوام اور خاص طور پر یروشلم کے اداروں کی مسلسل حمایت کرتا آیا ہے۔"
المقاصد اسپتال 1968 میں 20 بستروں کے ساتھ قائم ہوا تھا، اور آج اس کی گنجائش 250 بستروں سے زائد ہو چکی ہے، جبکہ عملے کی تعداد 950 سے زیادہ ہے۔ اسپتال کا تربیتی پروگرام 13 میڈیکل شعبہ جات میں ریزیڈنسی فراہم کرتا ہے، جسے فلسطینی اور اردنی میڈیکل کونسل کی منظوری حاصل ہے۔ اب تک 540 سے زائد اسپیشلسٹ ڈاکٹرز اس پروگرام سے فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔
اسپتال سالانہ یروشلم، مغربی کنارے اور غزہ سے آنے والے 66,000 سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرتا ہے۔