ابوظبی، 24 مارچ، 2025 (وام) – متحدہ عرب امارات کی سیکیورٹیز اینڈ کموڈیٹیز اتھارٹی نے رواں سال 2024 میں سرمایہ کاروں کے لیے 41 لاکھ درہم کی رقم باہمی صلح کے ذریعے کامیابی سے واپس دلائی ہے۔
یہ کامیابی اتھارٹی کی جانب سے سرمائے کی منڈی سے متعلق لین دین پر شکایات کے حل کے لیے فراہم کی گئی آن لائن سہولت اور جلد انصاف کے لیے کی گئی موثر کوششوں کا نتیجہ ہے۔
سیکیورٹیز اینڈ کموڈیٹیز اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو، ولید العوضی نے کہاکہ، "ایس سی اے کی جانب سے اس بڑی رقم کی وصولی ہمارے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ ہم سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ اور مالیاتی منڈیوں میں اعتماد کو مضبوط بنانے کے لیے ہمہ وقت کام کر رہے ہیں۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ مالیاتی مارکیٹ کے لین دین سے متعلق شکایات درج کرانے کی سہولت انصاف کے قیام اور سرمایہ کاروں کی فوری رہنمائی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ سروس ایس سی اے کے اس بنیادی مشن کا حصہ ہے جس کا مقصد سرمایہ کاروں کا تحفظ اور مارکیٹ کا استحکام یقینی بنانا ہے۔
یہ پیش رفت ایس سی اے کے ریگولیٹری نظام کی مؤثریت اور اس کی مارکیٹ کے چیلنجز سے فوری طور پر نمٹنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔
اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ آئندہ بھی اپنی خدمات اور نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ سرمایہ کاروں کے لیے ایک محفوظ اور شفاف سرمایہ کاری کا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ایس سی اے نے تمام سرمایہ کاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر اس کی شکایات کی آن لائن سروس سے فائدہ اٹھائیں۔