عجمان میں لیز معاہدوں کی مالیت میں 50 فیصد اضافہ

عجمان، 24 مارچ، 2025 (وام) – عجمان میونسپلٹی اور منصوبہ بندی محکمہ نے اعلان کیا ہے کہ سال 2024 کے دوران کرایہ داری کے معاہدوں کی کل مالیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

محکمے کی سالانہ رپورٹ کے مطابق، سال 2024 میں لیز (کرایہ) معاہدوں کی مجموعی مالیت 4.929 ارب درہم تک پہنچ گئی، جو کہ 2022 کے مقابلے میں 1.646 ارب درہم یا 50.13 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

عجمان میونسپلٹی اور منصوبہ بندی محکمہ کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن محمد النعیمی نے کہا کہ،"عجمان ایک ترقی یافتہ اور پُرامن شہر بن چکا ہے جو رہائشیوں، سیاحوں اور سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش بن گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امارات میں اعلیٰ معیار کی سہولیات اور جدید انفرااسٹرکچر موجود ہے، جو اسے رہائش اور سرمایہ کاری کے لیے مثالی مقام بناتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، 2024 میں رہائشی معاہدوں کی مالیت 2.647 ارب درہم رہی، جبکہ تجارتی معاہدے 2.15 ارب درہم تک پہنچے۔ سرمایہ کاری سے متعلق معاہدوں کی مالیت 266 ملین درہم ریکارڈ کی گئی، جو امارات میں رہائش، تجارت اور سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کو ظاہر کرتی ہے۔

النعیمی نے کہا کہ عجمان کی اس ترقی میں اس کی اسٹریٹجک جغرافیائی پوزیشن کا اہم کردار ہے، جو دیگر امارات کے درمیان ایک مرکزی رابطے کے طور پر کام کرتا ہے۔ انہوں نے امارت کی قیادت کی بصیرت افروز ہدایات کی بھی تعریف کی، جو مقامی شہریوں اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ عجمان کی لچکدار قانون سازی، کاروبار دوست ماحول، اور اسمارٹ ٹیکنالوجی کی جانب منتقلی نے خدمات کی فراہمی کو تیز اور مؤثر بنایا ہے۔

محکمہ کرایہ داری ضوابط کے ڈائریکٹر عمار عبدالکریم الکاید کے مطابق، 2024 میں کرایہ داری معاہدوں کی تصدیق میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔ اس دوران 100,236 رہائشی، 37,855 تجارتی، اور 269 سرمایہ کاری معاہدے مکمل کیے گئے۔