اے ڈی پورٹس گروپ اور کولمبیا گروپ کا شپنگ کے شعبے میں مشترکہ ادارہ قائم

ابوظہبی، 26 مارچ، 2025 (وام) — اے ڈی پورٹس گروپ اور کولمبیا گروپ، جو کہ ایک عالمی شہرت یافتہ بحری، لاجسٹکس، سیاحت اور توانائی کا پلیٹ فارم ہے، نے مشترکہ ادارے (جوائنٹ وینچر) کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد فریق ثالث کے جہازوں کے آپریشن اور اے ڈی پورٹس گروپ کے بین الاقوامی بیڑے کی کارکردگی کو جدید فلیٹ مینجمنٹ سسٹمز کے ذریعے بہتر بنانا ہے۔

نئے قائم ہونے والے ادارے، "نواٹم - سی ایس ایم لمیٹڈ"، میں کولمبیا گروپ کی اعلیٰ صلاحیتوں پر مبنی فلیٹ مینجمنٹ سسٹمز اور مصنوعی ذہانت سے چلنے والے تجزیاتی نظام کو اے ڈی پورٹس گروپ کے وسیع تجربے اور متنوع بحری بیڑے کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے۔

یہ اسٹریٹجک شراکت داری، اے ڈی پورٹس گروپ کے میری ٹائم اور شپنگ کلسٹر میں جہازرانی خدمات کا دائرہ وسیع کرے گی اور فریق ثالث کو عالمی معیار کی شپ مینجمنٹ سہولیات فراہم کرے گی۔

اس ادارے کو کولمبیا گروپ کے "پرفارمنس آپٹیمائزیشن کنٹرول روم" (POCR) تک فوری رسائی حاصل ہوگی، جو کہ ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے۔ یہ نظام بیڑے کی کارکردگی میں بہتری، پیشگی دیکھ بھال اور قواعد و ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی اور فیصلوں میں معاون ٹولز فراہم کرتا ہے۔

یہ نظام مختلف جہازوں سے حاصل شدہ ڈیٹا کے ذریعے فیصلہ سازی کو تقویت دے گا اور آپریشنل و تجارتی کارکردگی کو فروغ دے گا۔

کیپٹن عمار مبارک الشعیبہ، سی ای او، میری ٹائم اور شپنگ کلسٹر، اے ڈی پورٹس گروپ نے کہاکہ، "یہ شراکت داری بحری اثاثہ جات کے انتظام میں ایک نمایاں پیش رفت ہے۔ ہم اپنی خدمات کی حدوں کو وسعت دے کر نہ صرف اپنے صارفین کو فائدہ پہنچا رہے ہیں بلکہ عالمی سطح پر اپنی حیثیت کو بھی مزید مضبوط کر رہے ہیں۔"

کولمبیا گروپ کے صدر اور سی ای او، مارک او نیل نے اس موقع پر کہا کہ یہ شراکت داری بحری اثاثہ جات کے انتظام میں نئے معیارات قائم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو مشرقِ وسطیٰ میں آپریشنل مہارت اور اختراع کو فروغ دے گی۔

یہ ادارہ متحدہ عرب امارات میں قائم ہوگا اور اس کے تحت روزمرہ انتظامات کے علاوہ، عملے کی مینجمنٹ، خریداری، تربیت اور دیگر آپریشنل خدمات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ اثاثہ جات کے انتظام کو عالمی معیار کے مطابق یقینی بنایا جا سکے۔