دبئی، 26 مارچ 2025 (وام) – ایمار پراپرٹیز نے سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم) کے دوران اپنے تمام شیئر ہولڈرز کو 100 فیصد منافع کی ادائیگی کی منظوری دے دی ہے، جو کل 8.8 ارب درہم بنتی ہے۔ یہ فیصلہ دسمبر 2024 میں کمپنی کی نئی منافع پالیسی کے نفاذ کے بعد کیا گیا۔
میٹنگ میں 2024 کے لیے آڈیٹر کی رپورٹ، اور کمپنی کی سرگرمیوں اور مالی پوزیشن پر بورڈ کی رپورٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
ایمار کی مالی کارکردگی نے 2024 میں مضبوط کاروباری کارکردگی اور مختلف شعبوں میں مسلسل ترقی کو ظاہر کیا۔ کمپنی نے تقریباً 70 ارب درہم (19 ارب امریکی ڈالر) مالیت کی جائیدادیں فروخت کیں، جو 2023 کے مقابلے میں 72 فیصد زیادہ ہے۔
جائیداد کی فروخت سے کمپنی کی آمدن کا بقایا حجم 110 ارب درہم (30 ارب امریکی ڈالر) سے تجاوز کر گیا ہے، جو مستقبل کی آمدنی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔
کمپنی کی کل آمدن 2024 میں 35.5 ارب درہم (9.6 ارب ڈالر) رہی، جو سالانہ بنیاد پر 33 فیصد اضافہ ہے۔ جبکہ ٹیکس سے قبل خالص منافع 25 فیصد بڑھ کر 18.9 ارب درہم (5.1 ارب ڈالر) تک پہنچ گیا۔ سال بھر کا ایبیٹڈا EBITDA' 19.3' ارب درہم (5.2 ارب ڈالر) رہا، جس کا مارجن 54 فیصد رہا۔
ایمار پراپرٹیز کے بانی، محمد العبار نے کہاکہ، "ایمار کے 2024 کے نتائج ہماری بہترین کاروباری حکمت عملی، جدت اور صارفین کے تجربے سے وابستگی کو ظاہر کرتے ہیں۔ ہم مستقبل میں بھی پائیدار اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کے لیے پرعزم ہیں تاکہ دبئی کو عالمی سرمایہ کاری اور ترقی کا مرکز بنانے میں مزید کردار ادا کر سکیں، اور ساتھ ہی متحدہ عرب امارات کے 'نیٹ زیرو 2050' ویژن کے ساتھ ہم آہنگ رہیں۔"