ایمار ڈیولپمنٹ کا 2.7 ارب درہم منافع منظور، 68 فیصد شیئر کیپٹل کی ادائیگی

دبئی، 27 مارچ 2025 (وام) – ایمار ڈیولپمنٹ کے شیئر ہولڈرز نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے 2.7 ارب درہم (740 ملین امریکی ڈالر) کے منافع کی تقسیم کی تجویز منظور کر لی ہے، جو کمپنی کے شیئر کیپٹل کا 68 فیصد بنتی ہے۔

یہ اعلان ایمار کی سالانہ جنرل میٹنگ کے دوران کیا گیا، جہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 2024 کی مالی کارکردگی کا جائزہ لیا اور آئندہ ترقیاتی حکمتِ عملی پر بات چیت کی۔

اجلاس میں بورڈ کی جانب سے کمپنی کی سرگرمیوں اور مالی حیثیت پر مبنی رپورٹ، اور آڈیٹر کی رپورٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

ایمار ڈیولپمنٹ نے 2024 میں 65.4 ارب درہم (17.8 ارب امریکی ڈالر) کی جائیدادیں فروخت کیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 75 فیصد زیادہ ہیں۔

گزشتہ سال کے مقابلے میں کمپنی کی کل آمدن 61 فیصد اضافے کے ساتھ 19.1 ارب درہم (5.2 ارب ڈالر) رہی، جبکہ ٹیکس سے قبل خالص منافع 20 فیصد بڑھ کر 10.2 ارب درہم (2.8 ارب ڈالر) تک پہنچ گیا۔

اس موقع پر ایمار کے بانی محمد العبار نے کہاکہ، "ہمارے 2024 کے نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم معیار، جدت اور صارفین کی تسلی پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ ہمارے ہر منصوبے کا مقصد صرف جائیداد بنانا نہیں بلکہ ایسی کمیونٹیز تیار کرنا ہے جو رہائشیوں کی زندگی بہتر بنائیں اور دبئی کی عالمی اہمیت میں اضافہ کریں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ ایمار جدید ٹیکنالوجی اور پائیداری کو اپنا کر جدید طرزِ زندگی کی نئی تعریف متعین کرنے کا عزم رکھتا ہے، تاکہ صارفین اور سرمایہ کاروں دونوں کے لیے دیرپا قدر پیدا کی جا سکے۔