ابوظہبی: اے ڈی پورٹس اور 'Oylz ٹرمینلز' کے درمیان 50 سالہ معاہدہ، خلیفہ پورٹ پر جدید پٹرولیم اسٹوریج سہولت قائم کرنے کا اعلان

ابوظہبی، 27 مارچ 2025 (وام) – ابوظہبی پورٹس گروپ نے جمعرات کے روز متحدہ عرب امارات میں قائم تیل کی فراہمی اور تقسیم کی کمپنی "Oylz ٹرمینلز" کے ساتھ 50 سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت خلیفہ پورٹ میں ایک عالمی معیار کی صاف پٹرولیم اسٹوریج سہولت قائم کی جائے گی۔

معاہدے کے مطابق، ‘Oylz ٹرمینلز’ خلیفہ پورٹ لاجسٹکس حب میں دو مراحل پر مشتمل 600,000 مکعب میٹر کی جدید ٹینک اسٹوریج سہولت تیار کرے گا، جس سے بندرگاہ کی توانائی ذخیرہ کرنے اور تجارتی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔

اس منصوبے کا پہلا مرحلہ 2027 کے وسط میں فعال ہونے کی توقع ہے۔

اس موقع پر اے ڈی پورٹس گروپ کے پورٹس کلسٹر کے سی ای او سیف المزروعی نے کہاکہ، "ہم ‘Oylz ٹرمینلز’ کو خلیفہ پورٹ میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ یہ معاہدہ خلیفہ پورٹ کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتا ہے جو نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ پورے خطے کے لیے ایک کلیدی تجارتی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ نئی مائع ذخیرہ گاہ ہماری بندرگاہ کی صلاحیت کو بڑھائے گی اور عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کی تلاش میں آنے والے نئے صارفین کو راغب کرے گی۔"

'Oylz ٹرمینلز' کے چیئرمین، ڈاکٹر خالد عمر محمد حمد المدفع نے کہا کہ یہ سنگِ میل منصوبہ نہ صرف ابوظہبی کو ایک عالمی توانائی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرے گا بلکہ کمپنی کی آئندہ وسعت کے لیے بھی راہیں ہموار کرے گا۔ انہوں نے اس منصوبے کو جدید انفرااسٹرکچر کی ترقی سے وابستگی کا مظہر قرار دیا۔