ابوظہبی کی معیشت میں 3.8 فیصد سالانہ اضافہ، نان آئل شعبہ 54.7 فیصد حصہ کے ساتھ بلند ترین سطح پر

ابوظہبی، 28 مارچ 2025 (وام) – شماریات مرکز ابوظہبی نے 2024 کے لیے مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے ابتدائی تخمینے جاری کیے ہیں، جن کے مطابق امارت کی معیشت نے نان آئل شعبے کی قیادت میں نمایاں سالانہ ترقی حاصل کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ابوظہبی کی حقیقی جی ڈی پی میں 2024 کے دوران 3.8 فیصد اضافہ ہوا، جو 1.2 ٹریلین درہم کی تاریخی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی۔ اس میں نان آئل شعبے کا حصہ 6.2 فیصد اضافے کے ساتھ 644.3 ارب درہم رہا، جو کل جی ڈی پی کا 54.7 فیصد بنتا ہے — یہ نان آئل شعبے کی سب سے بڑی سالانہ شراکت ہے۔

یہ اعداد و شمار امارت کی کامیاب اقتصادی تنوع کی پالیسیوں اور پائیدار ترقی کی حکمت عملیوں کی عکاسی کرتے ہیں، جن کے تحت صنعتی، تعمیراتی، مالیاتی، تعلیم، صحت اور دیگر کلیدی شعبوں نے اپنی بلند ترین مالیتیں حاصل کیں۔

اس موقع پر ابوظہبی محکمہ برائےاقتصادی ترقی کے چیئرمین احمد جاسم الزعابی نےبتایا، "فالکن اکانومی کی مسلسل شاندار کارکردگی ابوظہبی کی ترقی پسند معاشی پالیسیوں اور عالمی منظرنامے سے ہم آہنگی کی عکاس ہے۔"

انہوں نے کہا کہ 1.2 ٹریلین درہم کے ریکارڈ جی ڈی پی اور نان آئل شعبے کے 6.2 فیصد اضافے نے ابوظہبی کو بین الاقوامی سرمایہ کاری اور اعلیٰ صلاحیتوں کا مرکز بنا دیا ہے۔

الزعابی نے مزید کہا کہ "Economic Diversification 2.0" جیسے منصوبے صنعتی ترقی، پائیدار معیشت اور مستقبل کی تیاری کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہیں، جو ابوظہبی کی پوزیشن کو مزید مستحکم کر رہے ہیں۔

ادھر، شماریات مرکز ابوظہبی کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ غریب القمزی نے کہا کہ نان آئل سرگرمیوں کی 54.7 فیصد جی ڈی پی شراکت امارت کے سرمایہ کار دوست ماحول اور کاروباری مواقع کی وسعت کو ظاہر کرتی ہے۔

2024 میں ابوظہبی کی معیشت کے مختلف غیر تیل شعبہ جات نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مینوفیکچرنگ شعبے نے 111.6 ارب درہم کی قدر کے ساتھ 2.7 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا اور جی ڈی پی میں 9.5 فیصد حصہ ڈالا۔ تعمیراتی شعبے کی کارکردگی بھی مضبوط رہی، جس نے 107.4 ارب درہم کی مالیت اور 11.3 فیصد اضافے کے ساتھ 9.1 فیصد جی ڈی پی میں حصہ ڈالا۔ مالیاتی اور انشورنس شعبہ 10.7 فیصد سالانہ ترقی کے ساتھ 77.8 ارب درہم تک پہنچا، اور اس کا حصہ 6.6 فیصد رہا۔

انفارمیشن اور کمیونیکیشن شعبے کی مالیت 32.2 ارب درہم رہی، جس میں 6.6 فیصد سالانہ اضافہ دیکھا گیا اور یہ جی ڈی پی میں 2.2 فیصد کا حصہ رہا۔ ہول سیل اور ریٹیل کے شعبے نے بھی اپنی بلند ترین سطح 62.7 ارب درہم حاصل کی، جو 2.2 فیصد اضافہ اور 5.3 فیصد جی ڈی پی حصہ ظاہر کرتا ہے۔ ٹرانسپورٹ اور اسٹوریج شعبہ 16.9 فیصد کی شاندار شرح نمو کے ساتھ 27.8 ارب درہم تک پہنچ گیا اور اس کا مجموعی حصہ 2.4 فیصد رہا۔

ریئل اسٹیٹ سیکٹر نے 41.7 ارب درہم کی قدر اور 4.2 فیصد سالانہ ترقی کے ساتھ 3.5 فیصد جی ڈی پی میں حصہ ڈالا۔ تعلیم کے شعبے نے 20.4 ارب درہم کی بلند ترین سطح حاصل کی، جس میں 2.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جبکہ صحت کے شعبے کی قدر 17 ارب درہم رہی، جو 4.1 فیصد کی سالانہ شرح نمو کی نمائندگی کرتی ہے۔ یہ تمام اعداد و شمار ابوظہبی کی پائیدار اور متنوع معیشت کی کامیاب پالیسیوں کو ظاہر کرتے ہیں۔

2024 کی آخری سہ ماہی میں ابوظہبی کی جی ڈی پی میں 4.4 فیصد جبکہ نان آئل جی ڈی پی میں 6.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو مسلسل 54.7 فیصد کی بلند سطح پر قائم ہے۔