XRG کے موزمبیق کے رووما بیسن میں 10 فیصد حصص حاصل

ابوظہبی، 28 مارچ 2025 (وام) – XRG نے موزمبیق کے رووما بیسن میں موجود ایریا 4 کنسیشن میں گالپ (Galp) کے 10 فیصد حصص کی خریداری کا معاہدہ مکمل کیا ہے۔ یہ پیش رفت پہلی بار مئی 2024 میں اعلان کیے گئے معاہدے کے تحت عمل میں آئی ہے۔

یہ سرمایہ کاری XRG کی موزمبیق میں پہلی شراکت داری ہے، جو کمپنی کے اس وژن کی عکاسی کرتی ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر ایک مربوط اور پائیدار گیس پورٹ فولیو تیار کرنا ہے، تاکہ بڑھتی ہوئی توانائی کی عالمی طلب کو پورا کیا جا سکے اور صاف، سمارٹ اور پائیدار توانائی کا مستقبل تشکیل دیا جا سکے۔

رووما بیسن، جو گزشتہ 15 برسوں میں قدرتی گیس کی سب سے بڑی دریافتوں میں سے ایک ہے، XRG کو ایل این جی منصوبوں تک رسائی فراہم کرتا ہے جن کی مجموعی پیداوار کی صلاحیت 25 ملین ٹن سالانہ سے زائد ہے۔ اس معاہدے میں کورل ساؤتھ فلوٹنگ ایل این جی (FLNG) میں آپریشنل شراکت داری، کورل نارتھ FLNG کا مجوزہ منصوبہ، اور رووما ایل این جی کے آن شور ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔

XRG کے چیف آپریٹنگ آفیسر، خالد سالمین نے کہاکہ، "ہم موزمبیق کے عالمی معیار کے رووما بیسن کی ذمے دارانہ ترقی کا حصہ بننے پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ ہم موزمبیق حکومت اور اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس منصوبے کو اس کی مکمل ایل این جی صلاحیت تک پہنچانے، ویلیو ایڈ کرنے، اور اپنی مہارت بانٹنے کے لیے پرعزم ہیں۔"

کورل ساؤتھ FLNG، افریقی پانیوں میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے، جو 3.5 ملین ٹن سالانہ ایل این جی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ منصوبہ جدید ٹیکنالوجی اور توانائی کی بچت پر خصوصی توجہ کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ کورل نارتھ FLNG کا حتمی سرمایہ کاری فیصلہ جلد متوقع ہے، جس سے مزید 3.5 ملین ٹن سالانہ پیداوار متوقع ہے۔ دونوں آف شور منصوبوں کی قیادت Eni کر رہا ہے۔

دوسری جانب، ExxonMobil کی قیادت میں رووما ایل این جی کا آن شور فیز 1 منصوبہ 2025 میں اپنے فرنٹ اینڈ انجینئرنگ ڈیزائن مرحلے کی تکمیل کرے گا۔ اس منصوبے میں ماڈیولر الیکٹرک ڈرائیو ڈیزائن اپنایا جا رہا ہے تاکہ کاربن اخراج کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکے، اور 18 ملین ٹن سالانہ کی پیداوار حاصل ہو۔

یہ معاہدہ XRG کے عالمی توانائی پورٹ فولیو کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ کمپنی کا فوکس پائیدار اقتصادی ترقی، طویل المدتی ویلیو کری ایشن، اور تین کلیدی شعبوں — گیس، کیمیکل، اور کم کاربن توانائی حل — پر مرکوز ہے۔ گیس اور ایل این جی XRG کی طویل المدتی حکمتِ عملی کے مرکز میں ہیں، اور کمپنی نے حالیہ عرصے میں امریکہ، موزمبیق، آذربائیجان اور مصر میں بھی اہم اسٹریٹجک سرمایہ کاریاں کی ہیں۔