بینکاک، 28 مارچ 2025 (وام) – جمعے کے روز میانمار کے وسطی علاقے میں شدید زلزلہ آیا، جس کے نتیجے میں ملک کے دوسرے بڑے شہر مندالے میں متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے تھائی دارالحکومت بینکاک تک محسوس کیے گئے، جو جائے وقوعہ سے تقریباً 1,000 کلومیٹر (620 میل) جنوب میں واقع ہے۔
بینکاک میں زلزلے کے باعث عمارتیں لرز اٹھیں اور سینکڑوں افراد خوفزدہ ہو کر باہر نکل آئے۔ صورتحال کے پیش نظر اسٹاک ایکسچینج میں تجارتی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی گئیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے بعد ایک اور طاقتور آفٹر شاک بھی محسوس کیا گیا۔