لیما، 25 اپریل، 2025 (وام)-- پیرو کے ساحلی علاقے میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے 5,000 سال پرانی ایک خاتون کی باقیات دریافت کی ہیں، جن کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ قدیم کارال تہذیب کے اعلیٰ طبقے سے تعلق رکھتی تھیں۔ ماہرین کے مطابق یہ دریافت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پانچ ہزار سال قبل بھی اس شہر میں خواتین کا اہم سماجی مقام تھا۔
کارال، جو لیما سے تقریباً 180 کلومیٹر (112 میل) کے فاصلے پر بحرالکاہل کے کنارے واقع ہے، کو براعظم امریکہ کا قدیم ترین شہر تصور کیا جاتا ہے۔ اس شہر کی آبادی کا زمانہ قدیم مصری، چینی اور سومیری تہذیبوں کے دور سے مطابقت رکھتا ہے، تاہم محققین کے مطابق کارال نے دیگر تہذیبوں کے برعکس مکمل طور پر تنہائی میں ترقی کی۔
کارال کے مقام پر واقع ایسپیرو نامی علاقے میں یہ قبر دریافت ہوئی، جو پہلے ایک بلدیہ کے کوڑے دان کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔
ماہر آثارِ قدیمہ ڈیوڈ پالو مینو نے رائٹرز سے گفتگو میں کہاکہ، ’’یہ ایک اہم تدفین ہے کیونکہ اس میں وہ علامات موجود ہیں جو کسی اعلیٰ حیثیت کی خاتون سے منسوب کی جاتی ہیں۔‘‘ انہوں نے لاش کی لپیٹنے کے انداز اور اس کی جلد، بالوں اور ناخنوں کے محفوظ رہنے کو بطور مثال پیش کیا۔
پالو مینو نے مزید کہاکہ، ’’یہ دریافت ظاہر کرتی ہے کہ اس تہذیب میں صرف مرد ہی نہیں بلکہ خواتین بھی اہم کردار ادا کرتی تھیں، اور دونوں کا سماجی و ثقافتی کردار ایک دوسرے کا تکملہ تھا۔‘‘