ابوظہبی میں بوتل ریٹرن اسکیم کے تحت 2,000 ٹن سے زائد بوتلیں بازیافت: ای اے ڈی

ابوظہبی، 30 اپریل، 2025 (وام) --ابوظہبی میں ماحولیاتی ایجنسی (ای اے ڈی) کے مطابق، 2023 میں شروع کی گئی بوتل ریٹرن اسکیم کے تحت اب تک 2,000 ٹن سے زائد بوتلیں کامیابی سے بازیافت کی جا چکی ہیں، جبکہ 2024 کے دوران 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ری سائیکل ایبل اشیاء جمع کی گئیں۔

یہ اسکیم ابوظہبی کی سنگل یوز پلاسٹک پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں میں کچرے کی ذمہ دارانہ تلفی کا شعور بیدار کرنا اور ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینا ہے۔

ایجنسی نے متعدد نجی شراکت داروں، بشمول ریٹیل سیکٹر، ویسٹ آپریٹرز اور کلین ٹیک اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ اسپارکلو کے تعاون سے ابوظہبی بھر میں 100 سے زائد ریورس وینڈنگ مشینز (RVMs)، جنہیں "اسپارکلومیٹس" کہا جاتا ہے، نصب کی گئی ہیں۔ یہ مشینیں ادنوک، لولو اور کیریفور کی ریٹیل آؤٹ لیٹس پر دستیاب ہیں، جہاں شہری پلاسٹک بوتلیں اور ایلومینیم کینز جمع کرا سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 2024 میں جمع کی گئی اشیاء میں 544,000 کلوگرام پلاسٹک اور 18,000 کلوگرام ایلومینیم شامل ہیں، جن کے نتیجے میں 3.5 ملین کلوگرام سے زائد کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو روکا گیا۔ یہ نتائج 2027 تک کاربن اخراج میں 22 فیصد کمی کے ابوظبی کے ہدف کے عین مطابق ہیں۔

ایجنسی نے یہ بھی بتایا کہ ایک اسپارکلومیٹ نے ایک دن میں 8,500 سے زائد اشیاء پروسیس کر کے سنگل یونٹ کی کارکردگی کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔

ای اے ڈی میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے انٹیگریٹڈ انوائرنمنٹل پلاننگ اینڈ پالیسی، شیخہ محمد المزروعی نے کہا کہ،
"ہم چاہتے ہیں کہ پائیدار رویے امارات میں روزمرہ زندگی کا حصہ بنیں۔ یہ اسکیم نجی شراکت داری، جدید ٹیکنالوجی، اور کمیونٹی کی شمولیت کی کامیاب مثال ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسکیم ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے والی ایک اسٹریٹجک سرمایہ کاری ہے، جو سرکلر اکانومی کے اصولوں کو تقویت دیتی ہے اور ابوظبی کو پائیدار ترقی کے میدان میں عالمی قیادت فراہم کرتی ہے۔

اسپارکلو کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، میکسم کپلیوچ کے مطابق ای اے ڈی کے ساتھ شراکت داری سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک کی کامیاب مثال ہے۔ ری سائیکلنگ کو آسان اور دل چسپ بنایا جائے تو معاشرہ خود بخود اس تبدیلی کو قبول کرتا ہے۔

ای اے ڈی اور اسپارکلو نے اس اسکیم کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جس میں RVM نیٹ ورک کو مزید پھیلانا اور کمیونٹی کی شرکت میں اضافہ شامل ہے، تاکہ ابوظبی کو عالمی سطح پر پائیدار اختراعات میں نمایاں مقام حاصل ہو۔