شارجہ کے حکمراں کا شارجہ اینیمیشن کانفرنس 2025 کے تیسرے ایڈیشن کا افتتاح

شارجہ، 30 اپریل، 2025 (وام) —سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے حکمران، عزت مآب شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے شارجہ اینیمیشن کانفرنس کے تیسرے ایڈیشن کا افتتاح کر دیا، جو یکم مئی سے 4 مئی تک ایکسپو سینٹر شارجہ میں جاری رہے گی۔

افتتاحی تقریب میں شارجہ کے نائب حکمران، عزت مآب شیخ سلطان بن احمد بن سلطان القاسمی، اور شارجہ بک اتھارٹی کی چیئرپرسن، شیخہ بدور بنت سلطان القاسمی بھی شریک ہوئیں، جو اس خطے کی اولین اور منفرد اینیمیشن کانفرنس کی منتظم ادارہ ہیں۔

کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر شارجہ کے حکمران کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ اس سال کے ایجنڈے میں 26 پیشہ ورانہ ورکشاپس، 21 پینل مباحثے، فلم اسکریننگز اور نمائشیں شامل ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی پویلینز کا دورہ بھی کیا، جہاں جدید ترین اینیمیشن ٹولز اور تخلیقی تصورات پیش کیے گئے۔

تقریب میں شارجہ بک اتھارٹی کی جانب سے پیش کردہ ایک مختصر فلم بھی دکھائی گئی، جس میں عرب دنیا میں اینیمیشن کے ارتقاء کو اجاگر کیا گیا — روایتی انداز سے لے کر جدید تخلیقات جیسے بکّار، فریج اور شعبیۃ الکرتون تک۔ فلم میں بچوں کے عرب میڈیا پر چینل اسپیس ٹون کے اثرات اور عربی ڈبنگ کی روایت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

کانفرنس کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر، خولہ المجینی نے اس اقدام کو عرب تخلیق کاروں کے لیے پائیدار تخلیقی ماحول کی تشکیل اور مقامی و بین الاقوامی پلیٹ فارمز کے مابین روابط مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ، "عرب دنیا میں تخلیقی صلاحیت کی کوئی کمی نہیں، انہیں صرف موقع اور پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔"

ایونٹ کے سرکاری اسپانسر اور 'DU' کے سی ای او فہد الحسوی نے کانفرنس کو متحدہ عرب امارات کے ڈیجیٹل تبدیلی اور تخلیقی ترقی کے قومی وژن سے ہم آہنگ قرار دیا۔

اس سال کی کانفرنس کا ایک نمایاں پہلو جاپانی اینیمے کو خراجِ تحسین ہے، جس میں مشہور اسٹوڈیو غِبلی سے تعلق رکھنے والے تخلیق کار ماسایوکی مییاجی اور تامییا تیراشیما شریک ہیں۔ دیگر ممتاز عالمی شخصیات میں ٹام اور ٹونی بینکرافٹ، اور فرانسیسی ہدایتکار سینڈرو کلیوزو بھی شامل ہیں۔

کانفرنس کا محور مصنوعی ذہانت، ادب، اور بصری کہانی گوئی میں اینیمیشن کے کردار پر مرکوز ہے، جو اس ایونٹ کو ٹیکنالوجی، فن اور ثقافتوں کے اشتراک کا ایک مؤثر بین الاقوامی پلیٹ فارم بناتا ہے۔