شارجہ، 1 مئی، 2025 (وام)--شارجہ کامرس اینڈ ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی (SCTDA) کے اعلان کے مطابق امارت شارجہ نے سال 2024 کے دوران 16 لاکھ ہوٹل مہمانوں کا استقبال کیا، جو 2023 کے مقابلے میں 11 فیصد اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ اعلان عربین ٹریول مارکیٹ (ATM) 2025 کے دوران شارجہ پویلین میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا گیا، جس میں شارجہ کامرس اینڈ ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور 25 سے زائد سرکاری و نجی اداروں نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق روس سے آنے والے سیاحوں کی تعداد 2.7 لاکھ سے تجاوز کر گئی، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 18 فیصد کا اضافہ ہے۔ بھارت 1.7 لاکھ سیاحوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جہاں سے 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یورپی سیاحوں کی تعداد میں 16 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زائد مہمان شارجہ آئے۔ چین سے سیاحوں کی آمد میں 828 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا، جو 60,000 سے زائد تک پہنچ گئی۔
عرب ممالک میں عمانی سیاحوں نے ہوٹل قیام میں 6 فیصد، سعودی سیاحوں نے 5 فیصد، مصری مہمانوں نے 4 فیصد، جبکہ شام اور عراق سے 3 فیصد فی کس کا حصہ رہا۔
پریس کانفرنس کے دوران شارجہ کامرس اینڈ ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین خالد جاسم المدفع نے امارت کی نئی سیاحتی مہم "وزٹ شارجہ" کے باضابطہ آغاز کا اعلان کیا، جس کا مقصد شارجہ کی متنوع سیاحتی پیشکشوں — جیسے ثقافت، مہم جوئی، فطرت اور جدید تجربات — کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت شارجہ لائٹ فیسٹیول اور دیگر کلیدی تقریبات کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
خالد المدفع نے کہاکہ، "2024 کے مثبت اعداد و شمار اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ شارجہ اب ایک عالمی سطح کی سیاحتی منزل بن چکا ہے، جہاں روایت اور جدت کا خوبصورت امتزاج موجود ہے۔ ہماری حکمت عملی قیادت کے وژن کے تحت تیار کی گئی ہے تاکہ شارجہ کی دلکشی، سیاحتی ڈھانچے اور پائیداری کو فروغ دیا جا سکے۔"
انہوں نے کہا کہ شارجہ کامرس اینڈ ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی پائیدار اور ثقافتی سیاحت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، اور سیاحوں کی بدلتی ضروریات کے مطابق مصنوعات و خدمات میں جدت اور سیاحتی انفراسٹرکچر میں مسلسل سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
عربین ٹریول مارکیٹ 2025 میں شارجہ پویلین نے جدید ڈیجیٹل اور ورچوئل ٹیکنالوجیز کی مدد سے زائرین کو امارت کے ثقافتی ورثے، حالیہ کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں سے متعارف کرایا۔ یہ انٹرایکٹو تجربات زائرین کی جانب سے بے حد سراہا گیا، اور شارجہ کی سیاحتی شناخت کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوا۔