نیو جرسی اور امارات کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت، گورنر فل مرفی کا 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

دبئی، یکم مئی، 2025 (وام) --ریاست نیو جرسی کے گورنر فل مرفی نےبتایا کہ متحدہ عرب امارات اور نیو جرسی کے درمیان تعلقات نمایاں ترقی کر رہے ہیں اور مستقبل میں انہیں مختلف اہم شعبوں میں مزید مستحکم بنانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے امارات نیوز ایجنسی (وام) سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ، "ہمارے امارات کے ساتھ پہلے سے ہی مضبوط تعلقات ہیں، لیکن ہمیں مستقبل اس سے بھی زیادہ روشن اور مستحکم نظر آتا ہے۔ اسی لیے میں خود اس مشن کی قیادت کر رہا ہوں تاکہ یہ واضح کر سکوں کہ متحدہ عرب امارات ہمارے لیے کتنی اہمیت رکھتا ہے، اور اس میں کتنی بڑی شراکت داری کی صلاحیت موجود ہے۔"

انہوں نے متحدہ عرب امارات کو اختراع پر مبنی سوچ، مصنوعی ذہانت، دواسازی، بایوٹیکنالوجی، خوراک، توانائی، انفراسٹرکچر اور کھیلوں جیسے شعبوں میں ایک مثالی شراکت دار قرار دیا۔

اس دورے کے دوران ایک اہم پیش رفت اماراتی کمپنی ہاٹ پیک کی جانب سے 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان ہے، جس کے تحت نیو جرسی کے شہر ایڈیسن میں کمپنی کی پہلی شمالی امریکی مینوفیکچرنگ فیکٹری قائم کی جائے گی۔ یہ 70,000 مربع فٹ پر محیط جدید سہولت جون 2025 میں کام شروع کرے گی اور پانچ سال کے اندر 200 نئی ملازمتیں فراہم کرے گی۔

گورنر مرفی نے بتایا کہ ابوظہبی کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ 'ADQ' نے نیو جرسی کی پرائیویٹ ایکویٹی فرم انرجی کیپیٹل پارٹنرز میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، جو توانائی کے شعبے میں سرگرم ہے۔

تعلیم کے میدان میں بھی گورنر مرفی نے کئی اہم اقدامات کا اعلان کیا۔ کیان یونیورسٹی نیو جرسی جلد ہی یونیورسٹی آف دبئی، امریکن یونیورسٹی دبئی اور یونیورسٹی آف وولونگونگ دبئی کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کرے گی، جو طلبہ و اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور علمی تعاون کو فروغ دیں گی۔ اسی طرح روان یونیورسٹی اور راس الخیمہ یونیورسٹی کے درمیان بھی معاہدہ ہوگا، جس کا مقصد تحقیق، ترقی اور ثقافتی روابط کو بڑھانا ہے۔

گورنر نے کہا کہ اماراتی اداروں کے ساتھ براہ راست اور کھلے مکالمے سے کئی نئی سرمایہ کاری اور شراکت داری کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ، "بہت سی کامیاب شراکت داریاں براہ راست گفتگو سے جنم لیتی ہیں، اور ہمیں امارات کے ساتھ ایسے مواقع کی بڑی امید ہے۔"

گورنر مرفی نے فارماسیوٹیکل، بایوٹیک، ایڈوانس ٹیکنالوجیز، جنریٹیو AI، انفراسٹرکچر، کھیل اور تفریح کو وہ ترجیحی شعبے قرار دیا جو اماراتی سرمایہ کاری سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیو جرسی امریکہ کا ایک معروف انوویشن حب ہے، اور وہاں ملک کے سب سے بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں میں سے ایک جاری ہے۔

وہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو مقامی مینوفیکچرنگ کی طرف راغب کرنے کے لیے ترغیبی پیکج پر کام کر رہے ہیں، اور ساتھ ہی امریکہ کو زیادہ گھریلو پیداوار کی طرف بڑھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ امارات جیسے شراکت داروں کے ساتھ عالمی تعاون برقرار رکھنا انتہائی اہم ہے۔

گورنر فل مرفی نے گفتگو کے اختتام پر کہاکہ، "ہمارا یہ دورہ ایک واضح پیغام دیتا ہے — کہ ہم متحدہ عرب امارات اور وسیع تر خلیجی خطے کو کلیدی شراکت دار سمجھتے ہیں۔"