میامی، فلوریڈا، 2 مئی، 2025 (وام) — عالمی ٹیلی کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل خدمات کے شعبے میں نمایاں مقام رکھنے والے گروپ e& کی ذیلی کمپنی کیریئر اینڈ وہول سیل سروسز (C&WS) نے آج ریاستہائے متحدہ میں اپنے نئے ادارے "e& ہول سیل امریکہ" کے باضابطہ آغاز کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کا نیا دفتر فلوریڈا کے معروف علاقے کوکونٹ گرو، میامی میں قائم کیا گیا ہے۔
اس افتتاحی تقریب میں واشنگٹن ڈی سی میں قائم یو اے ای سفارتخانے کے نمائندوں سمیت متعدد اعلیٰ حکام اور صنعت سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی، جس نے e& کے امریکا میں اسٹریٹجک توسیعی اقدام کو ایک نمایاں سنگِ میل میں تبدیل کر دیا۔ یہ اقدام گروپ کی مصنوعی ذہانت پر مبنی عالمی کنیکٹیویٹی کو فروغ دینے کے عزم کی واضح جھلک ہے۔
لندن اور سنگاپور میں پہلے سے فعال دفاتر کے بعد، میامی آفس امریکا اور لاطینی امریکہ کے ابھرتے ہوئے مارکیٹس کے لیے ایک مرکزی گیٹ وے بنے گا۔ یہ مرکز ایڈوانسڈ مینیجڈ وائس، ڈیٹا، روامنِگ، اور موبلٹی سروسز جیسی جدید خدمات فراہم کرے گا، جس کا مقصد کاروباری ترقی کو تیز کرنا، ڈیجیٹل مواقع کھولنا، اور علاقائی و عالمی شراکت داروں کے لیے مسابقتی برتری فراہم کرنا ہے۔
e& گروپ کے چیف کیریئر اینڈ وہول سیل آفیسر، نبیل بَقّوشے نے کہاکہ، "e& ہول سیل امریکہ کا آغاز صرف ایک نئی مارکیٹ میں داخلہ نہیں، بلکہ عالمی سطح پر کنیکٹیویٹی کے مستقبل کی نئی تعریف ہے۔ میامی، جو ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی مراکز میں شامل ہے، ہمارے لیے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو وسعت دینے کے لیے بہترین مقام ہے۔"
اس نئے امریکی دفتر کی قیادت پابلَو ملیکوٹا کے سپرد کی گئی ہے، جو بین الاقوامی گرین فیلڈ آپریشنز کے ماہر اور متنوع ٹیموں کی قیادت کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق،"e& صرف اپنی رسائی نہیں بڑھا رہا، بلکہ ریجن میں ڈیجیٹل جدت اور کنیکٹیویٹی کے مستقبل کو شکل دے رہا ہے۔ ہم نے عالمی مراکز میں جو کامیابی حاصل کی ہے، اُسے یہاں لاگو کر کے امریکی مارکیٹ میں گہرے اثرات مرتب کریں گے۔"
e& ہول سیل امریکہ، ریجنل ٹیلیکوم آپریٹرز، انٹرپرائزز، ہائپر اسکیلرز اور AI حل فراہم کرنے والوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرے گا۔ اس مرکز کے ساتھ، گروپ جلد ہی جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں ایک نیا عالمی حب بھی قائم کرے گا، جس سے e& کی 38 ممالک پر مشتمل عالمی توسیعی حکمت عملی کو مزید تقویت ملے گی۔