امارات کے سرکاری اسکولوں میں کنڈرگارٹن سے گریڈ 12 تک مصنوعی ذہانت بطور مضمون شامل، تعلیمی سال 2025-26 سے نفاذ

ابوظہبی، 4 مئی 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کی وزارتِ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence - AI) کو سرکاری اسکولوں کے نصاب میں ایک باضابطہ مضمون کے طور پر شامل کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام تعلیمی سال 2025-2026 سے نافذ العمل ہوگا، اور اس کا اطلاق کنڈرگارٹن سے لے کر گریڈ 12 تک کیا جائے گا۔

وزارت نے کہا کہ یہ اقدام طلبہ کو مصنوعی ذہانت کے بنیادی تصورات اور اس کے عملی استعمال سے متعلق ضروری علم اور مہارتیں فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ وہ بدلتے ہوئے عالمی رجحانات کے مطابق خود کو ڈھال سکیں اور جدت طرازی میں فعال کردار ادا کریں۔

یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے اس وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد ملک کو مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل تبدیلی میں عالمی قائد کے طور پر مستحکم کرنا ہے۔ وزارتِ تعلیم نے اس سلسلے میں پریزائٹ (جی42 کی ذیلی کمپنی)، AI71، محمد بن زاید یونیورسٹی آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور امارات کالج برائے اعلیٰ تعلیم کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ تعلیمی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو تیز رفتار سے اپنایا جا سکے۔

وزیرِ تعلیم سارہ الامیری نے کہاکہ، "سرکاری اسکولوں کے تمام درجات میں مصنوعی ذہانت کا نفاذ ایک اسٹریٹیجک قدم ہے جو تدریسی ذرائع کو جدید بناتا ہے اور ایسی نوجوان نسل تیار کرتا ہے جو ٹیکنالوجی کے اخلاقی پہلوؤں سے آگاہ ہو اور مقامی نوعیت کے اسمارٹ حل تخلیق کر سکے۔ یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی مستقبل بین قیادت کے وژن کی عکاسی کرتا ہے، جو علم پر مبنی معیشت اور باصلاحیت قومی افرادی قوت پر مبنی ڈیجیٹل معیشت کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔"

مصنوعی ذہانت کا نیا نصاب سات کلیدی شعبوں پر مشتمل ہوگا، جن میں بنیادی تصورات، ڈیٹا اور الگوردمز، سافٹ ویئر کا استعمال، اخلاقی شعور، عملی اطلاقات، تخلیقی منصوبہ سازی، اور پالیسی سازی و کمیونٹی میں شرکت شامل ہیں۔ یہ نصاب اس انداز سے ترتیب دیا گیا ہے کہ ہر تعلیمی سطح کے طلبہ اپنی استعداد کے مطابق نہ صرف مصنوعی ذہانت کے نظری اصول سیکھ سکیں بلکہ انہیں روزمرہ زندگی میں بھی استعمال کرنے کے قابل بن سکیں۔

تعلیمی مراحل کے مطابق اس نصاب میں مختلف سرگرمیوں کا تعین کیا گیا ہے۔ کنڈرگارٹن (KG) کے درجے میں بچے تصویری اور بصری سرگرمیوں، کہانیوں اور کھیلوں کے ذریعے مصنوعی ذہانت اور دیگر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز سے ابتدائی تعارف حاصل کریں گے۔ سائیکل 1 میں طلبہ انسانوں اور مشینوں کے درمیان فرق کو سمجھیں گے، ڈیجیٹل اندازِ فکر کی بنیاد رکھیں گے اور AI کی ابتدائی اطلاقات کا مشاہدہ کریں گے۔ سائیکل 2 کے طلبہ کو AI سسٹمز کے ڈیزائن اور ان کے تجزیے کی تربیت دی جائے گی، ساتھ ہی تعصب (bias) اور الگوردمز سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی، اور اے آئی کے اخلاقی استعمال پر زور دیا جائے گا۔ سائیکل 3 میں طلبہ کو اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ زندگی کے لیے تیار کیا جائے گا، جہاں وہ کمانڈ انجینئرنگ اور حقیقی زندگی کی صورت حال کے تجزیے جیسے اعلیٰ سطحی موضوعات کا مطالعہ کریں گے۔

یہ نیا مضمون کسی اضافی تدریسی وقت کی ضرورت کے بغیر اسکول کے موجودہ نظام الاوقات میں ضم کر دیا جائے گا۔ اسے کمپیوٹنگ، تخلیقی ڈیزائن اور اختراع کے مضمون کے تحت مخصوص تربیت یافتہ اساتذہ پڑھائیں گے۔ وزارتِ تعلیم ان اساتذہ کو مکمل رہنما مواد فراہم کرے گی، جس میں مختلف سرگرمیاں، تدریسی ماڈلز اور ہر سطح کے لیے قابلِ اطلاق اسباق شامل ہوں گے، تاکہ تدریس کا عمل مؤثر اور جدید خطوط پر استوار ہو سکے۔