متحدہ عرب امارات کے شہری 7 مئی 2025 سے لبنان کا سفر کر سکیں گے: وزارتِ خارجہ

ابوظہبی، 4 مئی 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کی مستقل کوششوں کے تحت، وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اماراتی شہریوں پر لبنان کے سفر کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ شہریوں کو 7 مئی 2025 سے لبنان کا سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔

یہ اعلان حال ہی میں لبنان کے صدر جوزف عون کے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے اور صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ ان کی ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اماراتی شہریوں کے لیے لبنان کے سفر کی اجازت کی بحالی پر اتفاق کیا، اور اس فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ضروری اقدامات اور نظامات طے کیے گئے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان آمدورفت کو آسان اور محفوظ بنایا جا سکے۔

سفر سے متعلق شرائط و ہدایات:

۱۔ تواجُدی"پلیٹ فارم پر اندراج لازمی:
تمام اماراتی شہریوں کے لیے لازم ہے کہ وہ روانگی سے قبل (چاہے براہِ راست یا کسی تیسرے ملک کے ذریعے لبنان جا رہے ہوں) وزارتِ خارجہ کے "تواجُدی" پلیٹ فارم پر خود کو رجسٹر کریں۔

۲۔ بغیر رجسٹریشن سفر کی اجازت نہیں:
"تواجُدی" پر اندراج کے بغیر شہریوں کو متحدہ عرب امارات کے کسی بھی ہوائی اڈے سے روانہ ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ عدم تعمیل کی صورت میں قانونی کارروائی یا تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

۳۔درست اور مکمل معلومات دینا لازم:
سفر کرنے والے شہریوں کو اپنی رہائشی معلومات، لبنان میں قیام کا پتہ، ہنگامی رابطہ نمبر اور سفر کا مقصد واضح طور پر فراہم کرنا ہوگا۔ کسی بھی تبدیلی کی صورت میں معلومات فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہے۔

۴۔واپسی پر اطلاع دینا بھی ضروری:
واپسی کے وقت بھی "تواجُدی" پلیٹ فارم پر معلومات کی فراہمی اور تصدیق لازم ہوگی۔

۵۔محفوظ سفر کے لیے ضابطے:
وزارت خارجہ نے تمام اماراتی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مذکورہ تمام ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں تاکہ بیرونِ ملک ان کی حفاظت اور فلاح یقینی بنائی جا سکے۔