ادنوک گیس کا 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 1.27 ارب ڈالر کا منافع، بین الاقوامی معاہدے اور پیداوار میں اضافہ نمایاں

ابوظہبی، 5 مئی، 2025 (وام) --ادنوک گیس پی ایل سی اور اس کی ذیلی کمپنیاں، جو عالمی معیار کی مربوط گیس پروسیسنگ اور فروخت کی خدمات فراہم کرتی ہیں، نے 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 1.27 ارب امریکی ڈالر خالص آمدنی اور 2.16 ارب ڈالر ای بی آئی ٹی ڈی اے (EBITDA) ریکارڈ کی، جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں بالترتیب 7 فیصد اور 4 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ اس مالی کارکردگی کی دو اہم وجوہات بتائی گئی ہیں: پہلی، متحدہ عرب امارات میں معاشی ترقی کے نتیجے میں مقامی گیس کی طلب میں نمایاں اضافہ؛ اور دوسری، پلانٹ بندش کے پروگرام کی مؤثر منصوبہ بندی، جس کے ذریعے پروسیسنگ کی استعداد میں اضافہ اور پلانٹس کے آف لائن دنوں میں کمی ممکن ہوئی۔ ان عوامل نے مجموعی فروخت کے حجم اور گیس کی پراسیسنگ میں نمایاں بہتری لائی۔

ادنوک گیس کی چیف ایگزیکٹو آفیسر، فاطمہ النعیمی کے مطابق، یہ ایک غیر معمولی سہ ماہی رہی، جس میں کمپنی نے کم تیل کی قیمتوں کے باوجود مارکیٹ کی توقعات سے بڑھ کر نتائج حاصل کیے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب سپلائی معاہدوں اور پلانٹ بندش کی موثر عمل درآمد نے اس کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا، اور کمپنی مستقبل میں بھی سرمایہ کاری جاری رکھے گی تاکہ 2023 سے 2029 کے درمیان ای بی آئی ٹی ڈی اے میں 40 فیصد سے زائد اضافہ ممکن ہو سکے۔

اسی سہ ماہی میں ادنوک گیس نے بھارت کی انڈین آئل کارپوریشن اور جاپان کی جِیرا گلوبل مارکیٹس کے ساتھ تقریباً 9 ارب ڈالر مالیت کے ایل این جی (LNG) سپلائی معاہدے کیے، جو کہ دنیا بھر میں کم کاربن ایندھن کی فراہمی میں کمپنی کے فعال کردار کو اجاگر کرتے ہیں۔ کمپنی نے سرمایہ جاتی اخراجات (CAPEX) میں بھی 43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا، جو اس کے طویل مدتی ترقیاتی اہداف کے لیے مسلسل سرمایہ کاری کے عزم کی علامت ہے۔ اس کے علاوہ، کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ "رچ گیس ڈویلپمنٹ" منصوبے پر 2025 میں فائنل انویسٹمنٹ ڈیسیژن (FID) متوقع ہے۔

مارکیٹ شیئر کے لحاظ سے بھی کمپنی نے اہم پیش رفت کی ہے۔ سہ ماہی کے دوران 3.1 ارب شیئرز کی مارکیٹڈ آفرنگ مکمل ہونے کے بعد، ادنوک گیس کا فری فلوٹ 4 فیصد بڑھ کر 9 فیصد ہو گیا ہے، جو اسے جون میں MSCI اور ستمبر میں FTSE انڈیکس میں شمولیت کے لیے اہل بنا سکتا ہے۔