متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کا اتحاد قومی وحدت، سلامتی اور استحکام کی علامت ہے: حکمران عجمان

عجمان، 5 مئی، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کے سپریم کونسل کے رکن اور عجمان کے حکمران، عزت مآب شیخ حمید بن راشد النعیمی نے کہا ہے کہ مسلح افواج کے اتحاد کا دن ایک اسٹریٹیجک فیصلہ ہے جو اتحاد کی روح، قومی یکجہتی اور ملکی سلامتی و استحکام کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ قومی عزم، مشترکہ مقدر پر یقین اور اس جذبے کی عملی تصویر ہے جس پر متحدہ عرب امارات کی بنیاد رکھی گئی۔

شیخ حمید نے مسلح افواج کے اتحاد کی 49ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے بیان میں کہاکہ، "اس شاندار قومی دن کے موقع پر ہم ایک پرچم اور ایک متحدہ قیادت کے تحت اماراتی مسلح افواج کے اتحاد کی سالگرہ منا رہے ہیں۔ ہم اپنی بہادر افواج پر فخر کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع اور اس کی کامیابیوں کی حفاظت کی ذمہ داری بہادری سے نبھائی ہے۔"

انہوں نے یاد دلایا کہ 6 مئی 1976 کو جب شیخ زاید بن سلطان النہیان اور ان کے رفقائے بانیوں نے افواج کے اتحاد کا فیصلہ کیا، تو اس دن سلامتی اور استحکام کی بنیادیں مضبوطی سے رکھی گئیں اور ایک ایسی متحدہ، باصلاحیت اور مضبوط افواج تشکیل دی گئیں جو ملکی خودمختاری کے تحفظ اور قومی پرچم کو دنیا میں سربلند رکھنے کے لیے وقف ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج کا یہ اتحاد قومی خودمختاری کے تحفظ، کامیابیوں کی حفاظت، اصولوں کے دفاع، اور ملکی استحکام کے تسلسل کا بنیادی ستون ہے۔

شیخ حمید بن راشد النعیمی نے اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان، نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم، نائب وزیر اعظم شیخ منصور بن زاید النہیان، دیگر اعلیٰ قیادت، اور تمام افواج کے ارکان کو دلی مبارکباد اور فخر کے جذبات کے ساتھ مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج مقامی، علاقائی اور عالمی سطح پر امن، سلامتی اور استحکام کے قیام کے لیے ایک عالمی ماڈل بن چکی ہیں، اور دنیا کے ان خطوں میں بھی امدادی کردار ادا کرتی ہیں جو قدرتی آفات یا تنازعات سے متاثر ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افواج کی دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل بہتری، ان کی قربانیوں اور جذبۂ شجاعت نے قوم کو یقین دلایا ہے کہ ہمارا مستقبل محفوظ، مستحکم اور خوشحال ہے۔"ہم اپنے ان شہداء کو بھی عقیدت سے یاد کرتے ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ اللہ تعالیٰ ان پر اپنی وسیع رحمت نازل فرمائے۔ ہم ہر اس افسر اور سپاہی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جو وطن کو محفوظ رکھنے کے لیے شب و روز خدمات انجام دے رہے ہیں۔"

بیان کے اختتام پر شیخ حمید نے کہا کہ مسلح افواج کی حمایت قومی فریضہ اور اولین ترجیح ہے تاکہ وہ اپنے عظیم مشن، یعنی وطن کے دفاع، سلامتی کے تحفظ اور ترقی کے سفر کو جاری رکھنے میں بھرپور کردار ادا کرتی رہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ، "اس قیمتی قومی موقع پر ہم اپنی شجاع افواج کے پیچھے متحد کھڑے ہونے کا عہد دہراتے ہیں۔ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ہمارے وطن، قیادت اور عوام کی حفاظت فرمائے، ہمارے شہداء پر رحم کرے، اور ہمیں مسلسل سلامتی، استحکام اور کامیابی عطا فرمائے۔"