متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج قومی اتحاد کی علامت ہیں: حاکم فجیرہ

فجیرہ، 5 مئی، 2025 (وام) --سپریم کونسل کے رکن اور فجیرہ کے حاکم، عزت مآب شیخ حمد بن محمد الشرقی نے کہا ہے کہ 6 مئی 1976 کو مسلح افواج کے اتحاد کا فیصلہ متحدہ عرب امارات کی فوجی تاریخ کا فخر انگیز باب ہے، اور آج ہماری فوج قومی سلامتی و استحکام کی محافظ اور عالمی سطح پر ایک مثالی ادارہ بن چکی ہے۔

مسلح افواج کے اتحاد کی 49ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بانی قائدین کے اس دور اندیش وژن کی عکاسی کرتا ہے جنہوں نے ایک مرکزی اور منظم فوج کی ضرورت محسوس کی تاکہ ملک کے دفاع کو یقینی بنایا جا سکے اور اس کی کامیابیوں کا تحفظ ممکن ہو۔

انہوں نے کہا کہ اماراتی مسلح افواج، قوم کے اتحاد کی بنیادی ستون میں سے ایک ہیں اور یہ اتحاد اس یقین کی علامت ہے کہ مرکزیت، نظم اور قیادت کے تحت نہ صرف قومی سلامتی حاصل کی جا سکتی ہے بلکہ عالمی سطح پر امن، انسانی امداد اور استحکام کے قیام میں بھی مثبت کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

شیخ حمد نے دفاعی صنعت میں مسلح افواج کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور اعلیٰ تربیت یافتہ قومی اہلکاروں کی بدولت اماراتی افواج نے غیر معمولی ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں افواج کی عملی تیاری اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر عسکری موجودگی کا مظہر ہیں، جس کے باعث آج وہ دنیا کی ممتاز دفاعی طاقتوں کی صف میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افواج کا اتحاد صرف دفاعی فیصلہ نہیں بلکہ قومی وفاداری، قیادت سے وابستگی، اور اجتماعی ہم آہنگی کا عہد ہے۔ انہوں نے اتحاد کو آئندہ نسلوں کے لیے روشن مستقبل کی بنیاد قرار دیا جو قومی یکجہتی اور سماجی استحکام کو تقویت دیتا ہے۔

شیخ حمد نے اُن شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے "جان نچھاور وطن پر" کا نعرہ سچ کر دکھایا۔ انہوں نے ان کی قربانیوں کو حب الوطنی، ایثار اور شجاعت کی عظیم مثالیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ افواج کے افسران اور جوان اتحاد کی حفاظتی ڈھال اور ترقی کے نگہبان ہیں۔

بیان کے اختتام پر انہوں نے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان، نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم، سپریم کونسل کے اراکین، نائب وزیر اعظم شیخ منصور بن زاید النہیان، مسلح افواج کے تمام ارکان اور پورے اماراتی عوام کو اس عظیم قومی موقع پر مبارکباد پیش کی۔

شیخ حمد نے اپنے پیغام میں کہاکہ، "ہم ہر سال اس قومی فرض سے وابستگی کی تجدید کرتے ہیں۔ اللہ کرے کہ ہمارا وطن ہمیشہ فخر، قوت اور ترقی کی علامت بنا رہے۔"