6 مئی کا دن اماراتی تاریخ کا ناقابل فراموش قومی سنگِ میل ہے: حکمران ام القیوین

ام القیون، 5 مئی، 2025 (وام)-- سپریم کونسل کے رکن اور ام القیوین کے حکمران، عزت مآب شیخ سعود بن راشد المعلا نے کہاکہ 6 مئی متحدہ عرب امارات کی تاریخ کا ایک شاندار اور ناقابل فراموش قومی موقع ہے جو قیادت اور عوام دونوں کے لیے فخر و اعتزاز کا باعث ہے۔

مسلح افواج کے اتحاد کی 49ویں سالگرہ کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن اس تاریخی لمحے کی یاد دلاتا ہے جب متحدہ عرب امارات کی افواج کو ایک پرچم اور مرکزی قیادت کے تحت متحد کیا گیا۔ یہ فیصلہ مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان اور دیگر بانی رہنماؤں کی بصیرت اور قیادت کا عملی مظہر تھا۔

شیخ سعود نے کہا کہ اماراتی مسلح افواج ابتدا ہی سے وطن کی مضبوط ڈھال رہی ہیں۔ یہ نہ صرف ملک کے باسیوں کے لیے فخر اور اعتماد کا باعث ہیں، بلکہ وہ نظامِ اتحاد کے بنیادی ستون بھی ہیں جن پر بانی قیادت نے قومی تعمیر کا سفر استوار کیا اور قومی کامیابیوں کا تحفظ یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی دوراندیش قیادت میں مسلح افواج نے مختلف یونٹس میں قابلِ ذکر ترقی کی ہے اور دفاعی صنعت میں اعلیٰ معیار کے اہداف حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے انضمام سے ہماری افواج کو ایسی صلاحیتیں حاصل ہوئی ہیں جو نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر امارات کو ایک ممتاز دفاعی مقام عطا کرتی ہیں۔

شیخ سعود کے مطابق یہی قیادت اور وژن اماراتی افواج کو عالمی امن و استحکام کے فروغ میں موثر شراکت دار بناتا ہے، اور یہ افواج دنیا بھر میں مدد رسانی، انسانی ہمدردی اور امن قائم رکھنے والے مشنز میں قابلِ ستائش کردار ادا کر رہی ہیں۔

اس قومی دن کے موقع پر شیخ سعود بن راشد المعلا نے اُن بہادر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے دین، وطن اور انصاف کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شہداء کی قربانیاں تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی اور ان کے نام عزت و افتخار کے ساتھ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

انہوں نے مسلح افواج کے تمام افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے اصل نگہبان ہیں۔

اپنے پیغام کے اختتام پر شیخ سعود بن راشد المعلا نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ متحدہ عرب امارات کو ہمیشہ فلاح، عزت اور ترقی عطا فرمائے، اور ہر گزرتا سال وطن عزیز کو مزید روشن، خوشحال اور مستحکم مستقبل کی طرف لے کر جائے۔