ابوظہبی ڈیولپمنٹل ہولڈنگ کمپنی نے 2 ارب ڈالر کے بین الاقوامی بانڈز کامیابی سے جاری کر دیے

ابوظہبی، 7 مئی 2025 (وام)--ابوظہبی ڈیولپمنٹل ہولڈنگ کمپنی PJSC (ADQ) نے بین الاقوامی قرضہ جاتی کیپیٹل مارکیٹ میں اپنے تیسرے اجرا کے تحت 2 ارب امریکی ڈالر کے بانڈز کامیابی کے ساتھ جاری کر دیے ہیں۔

اس مالی اقدام سے حاصل ہونے والی رقم کو کمپنی کے طویل المدتی ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ میں اضافہ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ اجرا کمپنی کی مالی حیثیت اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

ابوظہبی ڈیولپمنٹل ہولڈنگ کمپنی کے اس بانڈ اجرا کے لیے آرڈر بُک 7 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی، جو جاری شدہ مالیت سے 3.5 گنا زائد ہے۔ تجزیہ کار اسے ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں سرمایہ کاری کے قابل گریڈ بانڈز کی بڑھتی ہوئی طلب کے تناظر میں ایک اہم سنگ میل قرار دے رہے ہیں۔

یہ لین دین سال 2025 میں خلیجی خطے میں پانچ سالہ مدت کے غیر سکوک بانڈز کے لیے سب سے کم ییلڈ اور دس سالہ مدت کے لیے دوسری کم ترین ییلڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہا — جو GCC سطح پر ایک نمایاں کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔

ابوظہبی ڈیولپمنٹل ہولڈنگ کمپنی کے گروپ چیف فنانشل آفیسر، مارکوس ڈی کوادروس نے بانڈ اجرا کی کامیابی پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ،"سرمایہ کاروں کی متنوع شرکت اور زبردست ردعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ ADQ کو عالمی سطح پر ایک قابلِ اعتماد ادارہ تصور کیا جاتا ہے۔ یہ اقدام ہمارے طویل المدتی وژن کو عملی جامہ پہنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔"