لیلونگوی، ملاوی، 7 مئی 2025 (وام)-- متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ، عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے ملاوی کے صدر ڈاکٹر لازارس مکارتھی چاکویرا سے لیلونگوی میں ملاقات کی، جہاں ان کے اعزاز میں پرتپاک خیرمقدمی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ملاوی کی وزیر خارجہ نینسی ٹیمبو بھی موجود تھیں۔
شیخ عبداللہ نے صدر چاکویرا کو اماراتی قیادت — صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان، نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم، اور نائب صدر شیخ منصور بن زاید النہیان — کی جانب سے خیرسگالی کے پیغامات اور ترقی و خوشحالی کی خواہشات پہنچائیں، جن کے جواب میں صدر چاکویرا نے بھی اماراتی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیخ عبداللہ بن زاید نے اس موقع پر کہاکہ، "متحدہ عرب امارات، ملاوی کے ساتھ اپنی ترقیاتی شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے، اور پائیدار ترقی و خوشحالی کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔"
انہوں نے کہا کہ امارات، افریقی ممالک کے ساتھ دیرپا معاشی تعلقات کو اپنی خارجہ پالیسی کا کلیدی جزو تصور کرتا ہے، اور یہ تعلقات ترقی کے لیے بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
ملاقات کے بعد متحدہ عرب امارات اور ملاوی کے درمیان پانچ اہم مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے۔ پہلی یادداشت سفارتی تربیت سے متعلق تھی، جو انوار قرقاش ڈپلومیٹک اکیڈمی اور ملاوی کی وزارت خارجہ کے درمیان طے پائی۔ اس پر دستخط وزیر مملکت شیخ شخبوت بن نہیان آل نہیان اور وزیر خارجہ نینسی ٹیمبو نے کیے۔
دوسری یادداشت سرمایہ کاری کے میدان میں تعاون سے متعلق تھی، جو یو اے ای اور ملاوی کی وزارت تجارت و صنعت کے درمیان طے پائی۔ اس پر دستخط شیخ شخبوت بن نہیان اور وزیر تجارت و صنعت ویٹمبیکو ممبا نے کیے۔
تیسری یادداشت معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری سے متعلق تھی، جس پر دونوں حکومتوں کے نمائندوں — شیخ شخبوت بن نہیان اور ملاوی کے وزیر معدنیات کینتھ زِخالے نگوما — نے دستخط کیے۔
چوتھی یادداشت محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز کے تحت "دیجیٹل اسکول" اور ملاوی کی حکومت کے درمیان ڈیجیٹل تعلیم کے شعبے میں تعاون سے متعلق تھی۔ اس پر دستخط بھی شیخ شخبوت بن نہیان اور نینسی ٹیمبو نے کیے۔
پانچویں یادداشت متحدہ عرب امارات-ملاوی مشترکہ بزنس کونسل کے قیام سے متعلق تھی، جو فیڈریشن آف یو اے ای چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ملاوی کی وزارت تجارت و صنعت کے درمیان طے پائی۔ اس پر دستخط شیخ شخبوت بن نہیان اور ویٹمبیکو ممبا نے کیے۔
اس موقع پر وزیر مملکت شیخ شخبوت بن نہیان النہیان، معاون وزیر برائے اقتصادی و تجارتی امور سعید مبارک الہاجری، اور ملاوی کے لیے امارات کے غیر مقیم سفیر خلیفہ عبدالرحمن المرزوقی بھی شریک تھے۔