ابوظہبی، 8 مئی، 2025 (وام)-- ابوظہبی کی خودمختار سرمایہ کاری کمپنی، مبادلہ انویسٹمنٹ کمپنی نے سال 2024 کے لیے مضبوط مالیاتی نتائج کا اعلان کیا ہے، جس سے کمپنی کی مرکوز اور مستحکم حکمتِ عملی کی عکاسی ہوتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، کمپنی کے زیر انتظام اثاثہ جات میں سالانہ 9.1 فیصد اضافہ ہوا، جو بڑھ کر 1.2 ٹریلین درہم تک پہنچ گئے، جبکہ گزشتہ پانچ سالوں کا سالانہ منافع (IRR) 10.1 فیصد رہا۔
مبادلہ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او، خلدون خلیفہ المبارک نے کہاکہ، “یہ سال ہمارے لیے دو دہائیوں پر محیط مالی نظم و ضبط کی نمائندگی کرتا ہے، جو متحدہ عرب امارات کی طویل مدتی مسابقتی حیثیت کے لیے ایک مرکزی سرمایہ کار کے طور پر حاصل کیا گیا ہے۔ 2024 کے نتائج اور پورٹ فولیو میں اضافہ ہماری مؤثر حکمت عملی اور منتخب شعبوں میں خطرے سے ہم آہنگ منافع کو ظاہر کرتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ مبادلہ کا پورٹ فولیو عالمی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جس میں مصنوعی ذہانت، صاف توانائی، لائف سائنسز، سیمی کنڈکٹرز اور جدید صنعت سازی جیسے مستقبل کے اہم شعبے شامل ہیں، جو قومی ترجیحات سے ہم آہنگ ہیں۔
المبارک نے مزید کہا کہ 2024 کی ایک اہم پیش رفت مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کونسل کی جانب سے MGX کی تشکیل تھی، جو ابوظہبی میں اے آئی سرمایہ کاری کا نیا مرکز ہے، اور جس کے شریک بانی جی42 اور مبادلہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ممالک اور شعبوں سے ممتاز سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی شراکت داری مبادلہ کی عالمی سطح پر اعتماد اور طویل مدتی حکمتِ عملی کی تصدیق ہے، جسے مزید مضبوط کیا جائے گا اور ابوظبی سمیت دنیا بھر میں نئی ادارہ جاتی تشکیل کی جائے گی۔
2024 کے کلیدی مالیاتی نکات میں، مبادلہ نے 119 ارب درہم کی سرمایہ کاری کی، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 33.7 فیصد اضافہ ہے۔ اس کے علاوہ، 109 ارب درہم کی آمدنی حاصل ہوئی، جس میں منیٹائزیشنز بھی شامل ہیں۔ پورٹ فولیو کی تقسیم میں 40 فیصد نجی ایکویٹی، 23 فیصد عوامی منڈیوں میں، اور 17 فیصد انفراسٹرکچر و رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری شامل رہی۔
مبادلہ نے 30.5 ارب درہم مختلف مالیاتی آلات کے ذریعے اکٹھا کیے، جن میں دنیا کی پہلی AA ریٹڈ خودمختار اسلامی سکوک، کم ترین اسپریڈ کے ساتھ بونڈ، درہم میں عالمی سکوک کا اجرا، اور EMEA خطے میں یورو میں 6 اور 7 سالہ سہولیات شامل تھیں۔
گروپ چیف فنانشل آفیسر، کارلوس عبید نے کہاکہ گزشتہ پانچ سالوں میں 10.1 فیصد منافع مبادلہ کی مالیاتی نظم، مستقل حکمت عملی اور طویل مدتی قدر پیدا کرنے کے عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کمپنی کم قرض لاگت، مضبوط بیلنس شیٹ اور 7.8 فیصد کی محتاط گیئرنگ شرح کے ساتھ سرمایہ کاری کے لیے بہتر پوزیشن میں ہے۔
مبادلہ اپنی خودمختار سرمایہ کاری کے مینڈیٹ کے مطابق طویل مدتی کارکردگی پر توجہ دیتا ہے اور کثیر سالہ کارکردگی کے اعداد و شمار شائع کرتا ہے۔ 2021 سے کمپنی نے سالانہ آمدنی یا خالص منافع ظاہر کرنا بند کر دیا ہے، البتہ پانچ سالہ اور 2024 سے دس سالہ IRR شائع کیے جاتے ہیں، جو بالترتیب 10.1 فیصد اور 8.7 فیصد ہیں۔