سنگاپور کے وفد کا العریش میں اماراتی فلوٹنگ اسپتال کا دورہ، غزہ کے متاثرین کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کو سراہا

العریش، 8 مئی، 2025 (وام) — سنگاپور کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے العریش میں قائم متحدہ عرب امارات کے فلوٹنگ اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور غزہ کی پٹی سے آنے والے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی و انسانی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔

دورے کے دوران وفد نے اسپتال میں زیر علاج متعدد فلسطینی مریضوں سے ملاقات کی اور ان کی زبانی علاج معالجے اور اماراتی میڈیکل ٹیموں کی طرف سے فراہم کی جانے والی انسانی امداد کے بارے میں تجربات سنے۔

وفد کے سربراہ جسٹن لی نے اسپتال کے انتظامی نظام اور طبی عملے کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر گہری تحسین کا اظہار کیا اور کہا کہ اسپتال میں فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات انتہائی معیاری اور متاثر کن ہیں۔

یہ دورہ عالمی سطح پر متاثرہ علاقوں میں طبی و انسانی امداد کی فراہمی کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، اور اس ضمن میں متحدہ عرب امارات کے اہم کردار کا اعتراف کرتا ہے۔

متاثرینِ غزہ کو جامع طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے "آپریشن الفارس الشهم 3" کے تحت شروع کی جانے والی اس اہم پہل کا آغاز 23 فروری 2024 کو ہوا تھا۔

اس فلوٹنگ اسپتال میں 100 مریضوں اور 100 تیمارداروں کے لیے بیڈز موجود ہیں، جبکہ جدید آپریشن تھیٹرز، انتہائی نگہداشت کے یونٹس (ICU)، ریڈیالوجی اور لیبارٹری کی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔ ابتک 10,000 سے زائد فلسطینی مریض یہاں علاج کی سہولیات سے مستفید ہو چکے ہیں۔

یہ بہترین منصوبہ متحدہ عرب امارات کے اس پختہ انسانی عزم کا مظہر ہے کہ وہ بحرانوں کے دوران متاثرہ آبادیوں کو فوری طبی اور امدادی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی شراکت داری کو بھی مضبوط بناتا رہے۔