ابوظبی میں جدید انشورنس پلیٹ فارم کے قیام کا اعلان، مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ عالمی شراکت داری: IHC، بلیک راک اور لونیٹ کی قیادت میں اہم پیش رفت

ابو ظہبی، 9 مئی، 2025 (وام)--عالمی سرمایہ کاری کمپنی، انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی (IHC) نے اعلان کیا ہے کہ وہ ابوظہبی گلوبل مارکیٹ (ADGM) میں مصنوعی ذہانت سے چلنے والے ایک جدید ری انشورنس پلیٹ فارم کا آغاز کرے گی، جو خطے کی تیزی سے ترقی کرتی مالیاتی منڈیوں اور سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے مواقع کو سہارا دینے کے لیے ایک اسٹریٹجک قدم ہے۔

اس پلیٹ فارم کا نام تاحال سامنے نہیں آیا، تاہم اس کی بنیاد جدید انڈر رائٹنگ صلاحیتوں اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیٹا اینالیٹکس پر رکھی جائے گی۔ یہ پلیٹ فارم پراپرٹی و کیجولٹی، لائف، اور دیگر تخصصی انشورنس مصنوعات کے لیے حسب ضرورت حل فراہم کرے گا۔

بین الاقوامی سرمایہ کاری ادارہ بلیک راک (BlackRock) اس اقدام کا شراکت دار ہوگا، جو انشورنس اثاثہ جاتی انتظام، مشاورتی خدمات، اور الیڈن (Aladdin) ٹیکنالوجی کی فراہمی میں مدد دے گا۔ سرمایہ کاری کے میدان میں مہارت رکھنے والی لونیٹ (Lunate) بھی پلیٹ فارم کا اہم حصہ ہوگی، جو پرائیویٹ اور پبلک مارکیٹس میں اپنی گہری مہارت کے ساتھ معاونت فراہم کرے گی۔

انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی کے مطابق یہ پلیٹ فارم "خالص اے آئی-نیٹیو" بنیاد پر کام کرے گا، یعنی پرانے سسٹمز سے آزاد ہو کر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انڈر رائٹنگ، رسک اسیسمنٹ، اور آپریشنز کو انتہائی مؤثر اور برق رفتار بنائے گا۔ ابتدائی منصوبے کے تحت پلیٹ فارم کا ہدف 10 ارب ڈالر سے زائد کی انشورنس ذمہ داریوں پر مشتمل ہوگا، جبکہ ابتدائی 1 ارب ڈالر سے زائد کی ایکویٹی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس میں ہائیبرڈ اور قرض پر مبنی فنانسنگ بھی شامل ہوگی۔ بلیک راک اس منصوبے میں اقلیتی سرمایہ کاری کرے گا۔

اس نئی کمپنی کے چیئرمین ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر ہوں گے، جو وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی اور ادنوک کے منیجنگ ڈائریکٹر بھی ہیں، جبکہ اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے مارک ولسن ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جو 'Aviva Plc' اور ‘AIA Group’ کے سابق سربراہ ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر سلطان الجابر نے کہا کہ، "ہم خطے میں سرمایہ کاری کے بڑھتے مواقع اور عالمی سرمائے کو جوڑ کر ایک مضبوط، جدید اور منافع بخش انشورنس ادارہ قائم کرنے جا رہے ہیں۔" انہوں نے ابوظہبی گلوبل مارکیٹ کو کمپنی کے لیے بہترین مقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں مضبوط قانونی فریم ورک، متحرک انشورنس مارکیٹ، اور جدید مالیاتی نظام موجود ہے۔

انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی کے سی ای او سید باسر شعیب نے اس منصوبے کو IHC کی اختراع اور اسٹریٹجک ترقی سے جُڑی وابستگی قرار دیا، اور کہا کہ یہ پلیٹ فارم خطے کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

بلیک راک کے چیئرمین اور سی ای او لیری فنک نے بتایا کہ، "ہم انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی اور لونیٹ کے ساتھ مل کر اس تاریخی منصوبے کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ہمارا ہدف ابوظبی اور پورے خطے میں ایک متحرک انشورنس اور مالیاتی نظام کو فروغ دینا ہے۔"

لونیٹ کے منیجنگ پارٹنر، مرتضیٰ حسین نے کہا کہ ان کا ادارہ ایک علاقائی انشورنس چیمپئن بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرجوش ہے، اور ساتھ ہی ابو ظبی کے مالیاتی نظام کی ترقی میں شمولیت کو باعثِ افتخار سمجھتا ہے۔

مارک ولسن کے مطابق ابوظہبی سرمایہ کاری اور مصنوعی ذہانت کے امتزاج کا عالمی مرکز بنتا جا رہا ہے، اور یہ کمپنی ان دونوں عناصر کو ملا کر انشورنس کے مستقبل کو نئی جہت دینے کے لیے تیار ہے۔