راس الخیمہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ماحولیاتی ٹیکنالوجی میں تاریخی قدم، 'DYNAES' انرجی ایفیشنسی سسٹم متعارف

راس الخیمہ، 9 مئی، 2025 (وام)-- راس الخیمہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے پائیداری کے فروغ کے لیے ایک انوکھا اور خطے میں پہلا اقدام اٹھاتے ہوئے ‘DYNAES’ کی جدید تھرموڈائنامک انرجی ایفیشنسی ٹیکنالوجی کو اپنے نئے ٹرمینل توسیعی منصوبے میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ نظام مشرق وسطیٰ اور ایشیا میں پہلی بار کسی ہوائی اڈے پر نافذ کیا جا رہا ہے۔

یہ ٹیکنالوجی عالمی اداروں جیسے 'Mines Paris PSL'، 'TÜV' اور 'CNRS' کے تعاون سے تیار کی گئی ہے اور بغیر اضافی کمپریسر طاقت یا پیچیدہ کنٹرولز کے ایئر کنڈیشنگ کے نظام کی کولنگ صلاحیت میں اضافہ کرتی ہے۔ اس نظام کے نفاذ کا مقصد عملیاتی اخراجات اور ماحولیاتی اثرات میں کمی لانا ہے، خاص طور پر ان شعبوں میں جہاں ایئر کنڈیشنگ توانائی کا سب سے بڑا صارف ہے۔

راس الخیمہ محکمہ شہری ہوابازی کے سربراہ اور ایئرپورٹ کے بورڈ چیئرمین شیخ سالم بن سلطان القاسمی نے کہا کہ راس الخیمہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ ایئرپورٹ 2023 میں بلدیہ کے ریفٹروٹ انرجی پروگرام میں شرکت کے بعد سے پائیداری کو مسلسل فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے 'DYNAES' سسٹم کے انضمام کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پرانے انفرااسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کی ایک مثال قرار دیا۔

یہ منصوبہ ماہر کنسلٹنٹس آرٹیلیا ایئرپورٹ اور ایس ٹی جی کنٹریکٹنگ کی سفارش پر دبئی کوپ28 میں پیش کیے جانے کے بعد اپنایا گیا۔ اس ٹیکنالوجی کو ایئرچل (Airchal) اور تکییف فیکٹری (Takyeef Factory) جیسے بین الاقوامی اداروں کی مدد حاصل ہے، جن کی پیداوار کی سہولیات فرانس اور ابوظبی میں موجود ہیں، جو کہ اس منصوبے کی خطے میں مضبوط حمایت کی عکاسی کرتی ہیں۔

پروفیسر اسعد زغیب، ریسرچ سربراہ ‘Mines Paris PSL، نے ’DYNAES' کو تھرموڈائنامکس میں ایک بڑی تکنیکی پیش رفت قرار دیا ہے، جو نظام کی قابلیت، پائیداری، اور توانائی کی بچت میں غیر معمولی بہتری لا سکتی ہے۔ اگر اسے عالمی سطح پر اپنایا جائے تو یہ سالانہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 7 فیصد تک کمی لا سکتی ہے، جو انٹرنیٹ اور ہوابازی کے شعبے سے پیدا ہونے والے مشترکہ اخراج کے برابر ہے۔

یہ اقدام راس الخیمہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی پائیدار ہوابازی کی ترقی میں قائدانہ حیثیت کو مزید مستحکم کرتا ہے اور راس الخیمہ کو خطے میں ماحولیاتی اختراع اور توانائی مؤثر انفرااسٹرکچر کے مرکز کے طور پر نمایاں کرتا ہے۔