ابو ظہبی، 10 مئی، 2025 (وام)-- متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ پیش رفت جنوبی ایشیا میں سلامتی اور استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دونوں ممالک کی قیادت کی کوششوں کو سراہا، جن کے ذریعے یہ معاہدہ ممکن ہوا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی دانشمند قیادت اس جنگ بندی کو مستقل اور مؤثر طور پر برقرار رکھے گی، جس کے مثبت اثرات نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کے بھارت اور پاکستان کے ساتھ قریبی تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سفارت کاری اور مکالمہ ہی وہ مؤثر ذریعہ ہیں جو باہمی اعتماد کی فضا پیدا کر سکتے ہیں اور ایک ایسا دیرپا امن قائم کر سکتے ہیں، جو دونوں اقوام اور ان کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی خواہشات کو پورا کرے گا۔