ابو ظہبی، 10 مئی، 2025 (وام)-- متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی معاہدے کے تناظر میں بھارت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر سبرامنیم جے شنکر اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک گفتگو کی۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے دونوں ممالک کی دانشمندانہ قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی دونوں ممالک، ان کے عوام اور مجموعی طور پر جنوبی ایشیا کے خطے کے استحکام و سلامتی کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت خطے میں سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات اور بھارت و پاکستان کے درمیان قریبی تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای ہمیشہ دونوں ممالک کی امن، ترقی، اور خوشحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔
شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے مذاکرات اور مکالمے کو بحرانوں اور تنازعات کے حل کا موثر ترین ذریعہ قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔