متحدہ عرب امارات کا ذمہ دار ڈیجیٹل مواد، قومی شناخت اور اخلاقی اقدار کی پاسداری پر زور: محمد سعید الشحی

کویت، 12 مئی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات نے ذمہ دار ڈیجیٹل مواد کو فروغ دینے کے لیے واضح معیارات اپنا لیے ہیں، جو نہ صرف قومی شناخت اور اخلاقی و سماجی اقدار کو مستحکم کرتے ہیں بلکہ جدید ڈیجیٹل ٹولز کو اپنانے میں بھی معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ یہ بات یو اے ای میڈیا کونسل کے سیکرٹری جنرل محمد سعید الشحی نے کویت میں منعقدہ عرب میڈیا فورم کے موقع پر امارات نیوز ایجنسی (وام) سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جہاں یو اے ای کو اعزازی مہمان کی حیثیت حاصل ہے۔

الشیحی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی اس عالمی میڈیا مرکز کے طور پر بڑھتی ہوئی ساکھ، ایک تزویراتی حکمت عملی کا نتیجہ ہے، جس میں قانون سازی، استعداد کار، سرمایہ کاری اور اختراع کو مربوط کیا گیا ہے، تاکہ ایک جدید میڈیا ماحولیاتی نظام کی تشکیل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فریم ورک مقامی مواد کی حمایت اور عالمی میڈیا ٹیلنٹ کو متوجہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس سے یو اے ای کی حیثیت ایک سرکردہ میڈیا مرکز کے طور پر مزید مستحکم ہو رہی ہے۔

الشیحی نے زور دیا کہ یو اے ای کی میڈیا پالیسیز اور ریگولیٹری فریم ورک ایک متحرک میڈیا ماحول کی پرورش میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، جو تیزی سے بدلتے میڈیا منظرنامے سے ہم آہنگ ہونے اور عالمی مسابقت کو فروغ دینے میں مددگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کونسل نے ایک جامع قانون سازی روڈ میپ شروع کیا ہے، جس میں نیا میڈیا قانون اور اس کے عملی ضوابط شامل ہیں، جبکہ مزید پالیسیز اور فیصلے بھی متوقع ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدامات عالمی معیارات کے مطابق میڈیا پریکٹسز کو ہم آہنگ کرتے ہوئے قومی شناخت کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں، اور ساتھ ہی میڈیا معیشت کو تقویت دینے اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ایک لچکدار اور معاون ریگولیٹری ماحول فراہم کرتے ہیں۔

الشیحی نے تیز رفتار ٹیکنالوجی کی ترقی کے دوران اماراتی ٹیلنٹ کی پرورش میں یو اے ای میڈیا کونسل کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ میڈیا پروفیشنلز اور مواد تخلیق کاروں کے لیے خصوصی تربیتی پروگرامز اور ورکشاپس منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں "میڈیا اپرنٹس شپ پروگرام" شامل ہے، جو "نفس" پروگرام کے تحت اماراتی ٹیلنٹ کمپیٹیٹینس کونسل کے اشتراک سے چلایا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد نئے نسل کے اماراتی میڈیا پروفیشنلز کو تیار کرنا ہے، تاکہ وہ بدلتے میڈیا منظرنامے کی ضروریات کو پورا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مستقبل کے میڈیا سیکٹر کے قائدین کے طور پر تیار کرنا یو اے ای کی ترجیح ہے، جس میں انہیں مصنوعی ذہانت اور ورچوئل رئیلٹی جیسے جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کی تربیت دی جا رہی ہے۔ مزید برآں، الشحی نے بتایا کہ کونسل نے میڈیا مواد کے لیے جامع معیارات تیار کیے ہیں، جن میں مواد کا معیار، اقدار سے ہم آہنگی، فرد کے حقوق اور عمر کے مطابق مواد شامل ہیں، جو میڈیا اداروں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے لیے ایک ریگولیٹری رہنما کے طور پر کام کرتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ فورم میں یو اے ای کی شرکت، میڈیا کے مستقبل کو علاقائی و بین الاقوامی تعاون اور قومی پالیسیز کو عالمی میڈیا رجحانات سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔