ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید قازقستان پہنچ گئے

آستانہ، قازقستان، 12 مئی، 2025 (وام)--ابوظہبی کے ولی عہد عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں صدارتی محل پہنچے، جہاں ان کا شاندار سرکاری استقبال کیا گیا۔

جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف نے صدارتی محل میں شیخ خالد بن محمد بن زاید کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے استقبالیہ پلیٹ فارم پر قومی ترانوں کی دھن پر امارات اور قازقستان کے قومی پرچموں کو سلامی دی۔

اس کے بعد قصر صدارت کے صحن میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کا شیخ خالد اور صدر توقایف نے جائزہ لیا۔ استقبالیہ تقریب کے دوران، شیخ خالد نے قازقستان کے وزراء اور اعلیٰ حکام سے ملاقات کی، جبکہ صدر توقایف نے ولی عہد ابوظبی کے ہمراہ آنے والے اماراتی سرکاری وفد کے اراکین کا خیرمقدم کیا۔

شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان اس دورے میں اعلیٰ سطحی سرکاری وفد کے ہمراہ ہیں، جس میں امارات کے کئی وزراء اور سینئر حکومتی عہدیدار شامل ہیں۔