آستانہ، 13 مئی، 2025 (وام)--ابوظہبی کے ولی عہد عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کے قازقستان کے سرکاری دورے کے موقع پر، متحدہ عرب امارات میں قائم بڑی ڈیٹا اینالیٹکس اور مصنوعی ذہانت (AI) کی معروف کمپنی "پری سائٹ" نے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں اپنا پہلا علاقائی دفتر کھولا ہے۔ اس موقع پر یو اے ای کے وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی اور پری سائٹ کے چیئرمین ڈاکٹر سلطان احمد الجابر بھی موجود تھے۔
پری سائٹ کے اس اقدام کے ذریعے قازقستان میں قومی ڈیجیٹل تبدیلی اور مشن کریٹیکل اے آئی منصوبوں کے لیے یو اے ای کی حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔ کمپنی نے آستانہ میں دفتر کا افتتاح قازقستان میں اپنے بڑھتے ہوئے آپریشنز کی بہتر خدمت اور ان میں وسعت کے پیش نظر کیا ہے۔
یہ نیا دفتر آستانہ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر میں واقع ہے، جو پری سائٹ کا متحدہ عرب امارات سے باہر پہلا دفتر ہے اور وسطی ایشیا کے لیے ایک علاقائی مرکز کے طور پر کام کرے گا۔
اس وقت آستانہ کے دفتر میں 40 سے زائد قازق شہری ملازمت کر رہے ہیں، جو کہ قازقستان میں مقامی ٹیلنٹ کی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی میں پری سائٹ کی مضبوط وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔