بیجنگ، 13 مئی، 2025 (وام)--محمد بن زاید واٹر انیشیٹو اور چین کی وزارت قدرتی وسائل کے تحت انسٹی ٹیوٹ آف سی واٹر ڈیسالینیشن اینڈ ملٹی پرپز یوٹیلائزیشن (ISDMU) کے درمیان پانی صاف کرنے کی ٹیکنالوجی میں جدت اور پیشرفت کے لیے باہمی تعاون پر مبنی مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔
اس معاہدے پر دستخط بیجنگ میں ایک خصوصی تقریب کے دوران ہوئے، جس میں چین میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حسین بن ابراہیم الحمادی اور 'ISDMU' کے ڈائریکٹر اور وائس پارٹی سیکرٹری ژیونگ وین شی بھی شریک تھے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے تحقیقات، تربیتی پروگراموں، اور پانی صاف کرنے کے جدید طریقوں اور ٹیکنالوجیز پر مشترکہ منصوبوں پر تعاون کریں گے۔
یہ شراکت داری یو اے ای اور چین کے درمیان پانی صاف کرنے کے شعبے میں سائنسی اور تکنیکی تعاون کو تیز کرنے کا ہدف رکھتی ہے، جس میں دونوں ممالک کے سرکاری اداروں، صنعت اور تعلیمی شعبوں کے درمیان براہ راست تعاون اور استعداد سازی کو فروغ دیا جائے گا۔
محمد بن زاید واٹر انیشیٹو کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عائشہ العتیقی نے کہا کہ ‘ISDMU’کے ساتھ اس معاہدے پر دستخط ہماری اس مسلسل کوشش کا اہم سنگ میل ہے، جس کا مقصد پانی صاف کرنے کی ٹیکنالوجی میں جدت لانا اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی صاف کرنا دنیا بھر میں پانی کی کمی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک مؤثر اور امید افزا ٹیکنالوجی ہے، اور یہ شراکت یو اے ای اور چین کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ دنیا بھر میں پانی تک پائیدار اور کم لاگت رسائی کے لیے نئے حل تیار کریں۔
اس موقع پر ژیونگ وین شی نے کہا کہ چین میں سی واٹر ڈیسالینیشن اور اس کے استعمال پر کام کرنے والا 'ISDMU' واحد نان پرافٹ اسٹیٹ لیول تحقیقی ادارہ ہے، اور ہم محمد بن زاید واٹر انیشیٹو کے ساتھ شراکت داری کو باضابطہ شکل دینے کے خواہاں ہیں تاکہ یو اے ای کے ساتھ دوطرفہ سائنسی و تکنیکی تعاون کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مشترکہ منصوبوں اور علم کے تبادلے کو فروغ دینے کے منتظر ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان پانی صاف کرنے کی ٹیکنالوجیز کو آگے بڑھانے کے مشترکہ مقصد کا حصہ ہے۔
یہ شراکت داری ایک مشترکہ وژن کو ظاہر کرتی ہے، جس کا مقصد پانی کی کمی جیسے عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے اختراعی حل تلاش کرنا، کمیونٹیز کی مدد کرنا اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔