ابو ظہبی، 13 مئی، 2025 (وام)--ایمریٹس گلوبل ایلومینیم (EGA) نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے سب سے بڑے ایلومینیم ری سائیکلنگ پلانٹ کی تعمیر 50 فیصد مکمل ہو چکی ہے، جو مقررہ شیڈول سے 42 دن پہلے ہے۔
یہ سالانہ 1,70,000 ٹن پیداواری صلاحیت کا حامل پلانٹ ایمریٹس گلوبل ایلومینیم کے موجودہ اسملٹر کے ساتھ الظفیلہ میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اب تک پروجیکٹ پر 12 لاکھ گھنٹوں سے زائد کام مکمل کیا جا چکا ہے، اور کوئی ورک پلیس حادثہ رپورٹ نہیں ہوا۔
یو اے ای میں سب سے بڑے فرنس کی تنصیب، جو فی گھنٹہ 17 ٹن ایلومینیم پگھلانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جون میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
یہ نیا پلانٹ پوسٹ کنزیومر اور پری کنزیومر ایلومینیم سکریپ کو کم کاربن اور اعلیٰ معیار کے 'پریمیم ایلومینیم' بلٹس میں تبدیل کرے گا، جنہیں RevivAL ایمریٹس گلوبل ایلومینیم برانڈ کے تحت مارکیٹ کرے گا۔
فی الحال یو اے ای میں پیدا ہونے والا زیادہ تر ایلومینیم سکریپ بیرون ملک برآمد ہوتا ہے، جو قومی معیشت کے لیے نقصان دہ ہے۔ اس پلانٹ کی تکمیل کے بعد، ایمریٹس گلوبل ایلومینیم یو اے ای میں ایلومینیم سکریپ کا سب سے بڑا صارف بن جائے گا۔
پلانٹ سے پہلا گرم دھات (Hot Metal) 2026 کی پہلی ششماہی میں متوقع ہے۔
ای جی اے کے سی ای او عبدالناصر بن کلبان نے کہاکہ، "ری سائیکلنگ ہماری صنعت اور 'EGA' کے لیے ایک کلیدی عالمی ترقیاتی موقع ہے۔ ہم نے دنیا بھر میں ری سائیکلنگ بزنس تیار کرنے اور یہاں یو اے ای میں اس ری سائیکلنگ پلانٹ کی تعمیر کے ذریعے فیصلہ کن قدم اٹھایا ہے۔ یہ سہولت ہمیں اپنے مقامی اور عالمی صارفین کے لیے کم کاربن دھات کی رینج کو وسعت دینے میں مدد دے گی اور 'میڈ اِن دی امارات' پروگرام کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔"
عالمی سطح پر ری سائیکل ایلومینیم کی مانگ 2040 تک دگنی ہو جائے گی۔ 2024 کے دوران، ‘EGA’ نے عالمی ری سائیکلنگ بزنس میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جس میں یورپ کی خصوصی فاؤنڈری "لائٹ میٹل" اور امریکہ کی ثانوی فاؤنڈری "سپیکٹرو الائیز" کے حصول شامل ہیں۔
ایمریٹس گلوبل ایلومینیم دنیا کی پہلی کمپنی ہے جس نے شمسی توانائی سے تجارتی سطح پر ایلومینیم کی پیداوار کی، جسے CelestiAL کے نام سے مارکیٹ کیا جاتا ہے۔ 2023 میں، ایمریٹس گلوبل ایلومینیم نے اپنی کم کاربن دھات کی رینج کو شمسی توانائی اور ری سائیکل ایلومینیم کو ملا کر مزید کم کاربن شدت حاصل کرنے کے لیے توسیع دی۔