صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی ہدایت پر زخمی فلسطینی بچوں اور مریضوں کی امارات منتقلی جاری

ابوظہبی، 15 مئی، 2025 (وام)--صدر مملکت شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر متحدہ عرب امارات، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے تعاون سے غزہ کی پٹی سے 1,000 زخمی فلسطینی بچوں اور 1,000 کینسر مریضوں کو اماراتی اسپتالوں میں علاج فراہم کر رہا ہے۔ اسی سلسلے میں رامون ایئرپورٹ اسرائیل سے کرم ابو سلام کراسنگ کے ذریعے تازہ ترین انخلا پرواز کے تحت 101 زخمی افراد اور ان کے 87 اہل خانہ کو امارات منتقل کیا گیا۔

اب تک 2,630 مریض اور ان کے اہل خانہ متحدہ عرب امارات پہنچ چکے ہیں، جو فلسطینی عوام کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے امارات کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

وزارت خارجہ میں معاون وزیر برائے ترقی اور بین الاقوامی تنظیمات اور یو اے ای ایڈ ایجنسی کے نائب چیئرمین سلطان الشامسی نے کہا کہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی اس پہل کاری سے برادر فلسطینی عوام کے ساتھ امارات کے دیرینہ یکجہتی اور غزہ کے عوام کے ساتھ جاری بحران کے دوران ہمدردی کا اظہار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امارات انسانی بنیادوں پر کی جانے والی اپنی کوششوں کے تحت غزہ میں بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت عوام کو درپیش مصائب میں کمی لانے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

سلطان الشامسی نے کہا کہ موجودہ نازک حالات میں امارات فلسطینی عوام کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا اور زمین، سمندر اور فضاء کے ذریعے امدادی اقدامات کو بڑھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امارات اقوام متحدہ اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے غزہ میں انسانی بحران کے اثرات کم کرنے، اور وسیع پیمانے پر اور محفوظ، بغیر رکاوٹ اور پائیدار امدادی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی امداد فراہم کرنے والے ممالک میں امارات سرِ فہرست ہے اور اکتوبر 2023 میں بحران کے آغاز سے اب تک کل فراہم کی گئی امداد کا 40 فیصد سے زائد فراہم کر چکا ہے۔

الشامسی نے کہا کہ زخمی فلسطینیوں کو طبی انخلا کے لیے پروازیں چلانا امارات کی جانب سے جدید طبی خدمات کی فراہمی اور انسانی ہمدردی کے تحت زندگی بچانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بحران کے آغاز سے امارات نے جنوبی غزہ کی پٹی میں اپنے فیلڈ اسپتال اور العریش بندرگاہ پر لنگر انداز اسپتال جہاز کے ذریعے مریضوں اور زخمیوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کیں۔ اس کے علاوہ، امارات نے موجودہ نازک حالات میں فلسطینی عوام کی مدد کے لیے 65,000 ٹن سے زائد امدادی سامان، خوراک اور طبی سامان فراہم کیا ہے۔