فجیرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ممبئی اور کنور کیلئے انڈیگو کی پروازوں کا آغاز؛ امارات-بھارت فضائی روابط میں نئی پیش رفت

فجیرہ، 16 مئی، 2025 (وام)--فجیرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے جمعرات کے روز انڈیگو ایئرلائنز کی ممبئی اور کنور کے لیے پہلی پروازوں کے آغاز کے ساتھ ایک اہم سنگ میل عبور کیا۔ اس اقدام کا مقصد فجیرہ کو بھارت کے کلیدی شہروں سے جوڑتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط، سیاحت اور اقتصادی تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔

پہلی پرواز کی آمد کے موقع پر ایک رسمی استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں بھارتی قونصل جنرل دبئی ستیش کمار سیوان، چیئرمین محکمہ شہری ہوا بازی فجیرہ محمد عبداللہ السلمی، جنرل منیجر کیپٹن اسماعیل ایم البلوشی، ڈپٹی جنرل منیجر ابراہیم القلاف، اور انڈیگو کے عالمی سیلز کے سربراہ وِنَے ملہوترا سمیت سرکاری اور نجی شعبے کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔

اپنے کلیدی خطاب میں محمد السلمی نے اس اقدام کو صرف نئی پروازوں کا آغاز نہیں بلکہ امارات اور بھارت کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کے نئے دروازے کھولنے سے تعبیر کیا۔

انہوں نے فجیرہ کی قدرتی خوبصورتی، ثقافتی ورثے اور سیاحتی کشش کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان نئی پروازوں سے بھارتی برادری کو فجیرہ تک آسان رسائی حاصل ہوگی، جس سے سیاحت اور کاروباری تعلقات میں وسعت آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ، "انڈیگو کی کم لاگت اور معیاری فضائی سفر کی پالیسی ہمارے مقامی کمیونٹی کی ضروریات سے ہم آہنگ ہے۔"

کیپٹن اسماعیل البلوشی نے کہا کہ، "ہم انڈیگو کی ممبئی اور کنور کے لیے پروازوں کے آغاز کو خوش آمدید کہتے ہیں، جو فجیرہ اور بھارت کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔"

انہوں نے کہا کہ ان نئی پروازوں کے ذریعے مسافروں کو انڈیگو کے وسیع نیٹ ورک کے تحت ایشیا کے اہم شہروں جیسے مالدیپ، بنکاک، جکارتہ، سنگاپور، ڈھاکہ، کولمبو، سیشلز اور کھٹمنڈو تک آسان رسائی حاصل ہو گی۔

مزید سہولت کے لیے فجیرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ملک بھر کے ساتوں امارات کو آپس میں جوڑنے والی مفت ٹرانسپورٹ سروس کا بھی آغاز کیا ہے تاکہ ملک بھر سے آنے والے مسافروں کے لیے ہوائی اڈے تک رسائی کو آسان اور موثر بنایا جا سکے۔