شیخ خالد بن محمد بن زاید اور صدر ٹرمپ کی شرکت میں ابوظہبی میں امارات-امریکہ بزنس ڈائیلاگ کا انعقاد

ابوظہبی، 16 مئی، 2025 (وام)--ولی عہد ابوظہبی شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز قصر الوطن، ابوظبی میں منعقدہ امارات-امریکہ بزنس ڈائیلاگ میں شرکت کی۔

یہ ڈائیلاگ صدر ٹرمپ کے سرکاری دورۂ امارات کے سلسلے میں منعقد کیا گیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کو وسعت دینا تھا تاکہ مشترکہ ترقی، روزگار کے مواقع اور اختراع کو فروغ دیا جا سکے۔

اجلاس کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں جاری اور آئندہ کے تعاون پر روشنی ڈالی گئی، خاص طور پر اس سال کے اوائل میں واشنگٹن ڈی سی میں اعلان کردہ 1.4 ٹریلین امریکی ڈالر کے سرمایہ کاری منصوبے کے تحت، جس کے تحت اماراتی سرمایہ کاری ادارے توانائی، مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور صنعت جیسے اسٹریٹجک شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

تقریب میں توانائی، صحت، ہوا بازی، صنعت، ٹیکنالوجی، تفریح، کھیل اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں کئی نئے معاہدات کا اعلان کیا گیا۔

توانائی کے شعبے میں ادنوک اور 'ExxonMobil' کے درمیان اپر زاکم فیلڈ کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے معاہدہ طے پایا، جبکہ 'Occidental' کے ساتھ شاہ گیس فیلڈ کی توسیع پر بات چیت کی گئی۔ اسی سلسلے میں EOG' ‘Resources کو ابوظہبی میں غیر روایتی تیل و گیس کی تلاش کے لیے نئی رعایت دی گئی۔ ‘XRG’ اور ’Occidental' کی ذیلی کمپنی '1PointFive' نے ٹیکساس میں ڈائریکٹ ایئر کیپچر (DAC) پلانٹ میں سرمایہ کاری کے لیے فریم ورک معاہدہ کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے آغاز کا بھی اعلان کیا گیا۔

ہوا بازی کے شعبے میں، اتحاد ایئرویز نے اپنی فضائی بیڑے کو وسعت دینے کی حکمت عملی کے تحت 'Boeing 787' اور '777X' ماڈلز پر مشتمل 28 طیارے خریدنے کا اعلان کیا، جو 'GE' انجن سے لیس ہوں گے۔

ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبے میں ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس اور 'Qualcomm' نے ابوظبی میں ایک عالمی انجینئرنگ مرکز قائم کرنے کے لیے شراکت داری کا اعلان کیا، جو IoT، مصنوعی ذہانت، اور ڈیٹا سینٹرز پر توجہ مرکوز کرے گا۔ علاوہ ازیں، 'e&' اور 'Qualcomm' نے 5G، اے آئی اور جدید کنیکٹیویٹی ٹیکنالوجیز پر اشتراک کا اعلان کیا، جبکہ 'e&' نے 'AWS' کے تعاون سے متحدہ عرب امارات میں سوشیرن کلاؤڈ پلیٹ فارم کا آغاز کیا، جسے یو اے ای سائبر سیکیورٹی کونسل کی توثیق حاصل ہے۔

صنعتی شعبے میں، ایمریٹس گلوبل ایلومینیم (EGA) نے امریکہ میں 4 ارب ڈالر کی لاگت سے 1980 کے بعد پہلا نیا ایلومینیم پروڈکشن پلانٹ قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ EGA نے توزن کونسل اور RTX کے ساتھ ابوظبی میں گیلیم کی مقامی پیداوار کے امکانات پر بھی معاہدہ کیا۔

صحت کے شعبے میں M42 اور Oracle Health کے درمیان صحت ڈیٹا سسٹمز اور جینومکس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر تعاون کا اعلان کیا گیا۔ G42، Oracle Health اور Cleveland Clinic نے مشترکہ طور پر ایک عالمی سطح کا AI پر مبنی صحت خدمات فراہم کرنے والا پلیٹ فارم شروع کرنے کی شراکت داری بھی کی۔

تفریح، کھیل اور سیاحت کے شعبوں میں، ابوظبی میں Disney تھیم پارک ریزورٹ منصوبے پر پیش رفت جاری ہے، جبکہ UFC چیمپئن شپ ایونٹس اور NBA پری سیزن گیمز کی میزبانی بھی برقرار رکھی جائے گی۔ اس کے علاوہ، گوگن ہائم میوزیم منصوبے کی تکمیل کے لیے بھی پیش رفت جاری ہے، جسے ابوظبی کے ثقافتی منظرنامے میں ایک اہم اضافہ تصور کیا جا رہا ہے۔