غزہ، 17 مئی، 2025 (وام)--اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (UNRWA) کے کمشنر جنرل فلپ لزارینی نے خبردار کیا ہے کہ مصر کی جانب رافح کراسنگ پر موجود انسانی و طبی امداد کا ذخیرہ گزشتہ دو ماہ سے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں داخل ہونے سے روکا جا رہا ہے، جس سے امدادی سامان خراب ہونے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
آج جاری کردہ بیان میں لزارینی نے کہاکہ،"وقت تیزی سے قحط کی جانب بڑھ رہا ہے اور غزہ کے لوگ موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔"
انہوں نے فوری طور پر ناکہ بندی ختم کرنے اور امدادی سامان کی فراہمی کے لیے کراسنگ کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ، "ہم اپنی انسانی ذمہ داریاں ادا کرنے کی اجازت مانگ رہے ہیں۔" ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی انسانی امدادی ٹیمیں غزہ کے اندر موجود ہیں اور ضرورت مندوں تک پہنچنے کی مکمل صلاحیت اور مہارت رکھتی ہیں۔