ابوظہبی، 18 مئی، 2025 (وام)--ادنوک نے 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران مقامی سطح پر تقریباً 400 سپلائرز، ٹھیکیداروں اور سروس فراہم کنندگان کو 65.7 ارب درہم مالیت کے ٹھیکے دیے ہیں، جن کا مقصد سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینا، کاروباروں کو بااختیار بنانا اور قوم کے لیے طویل مدتی قدر پیدا کرنا ہے۔
یہ معاہدے اہم شعبہ جات جیسے ڈرلنگ، لاجسٹکس، آپریشنل سپورٹ سروسز، اور انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور کنسٹرکشن (EPC) پر محیط ہیں۔ یہ اقدام اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ادنوک اپنی خریداری کی پالیسی میں مقامی کمپنیوں کو ترجیح دے کر نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دے رہا ہے اور قومی سپلائی چینز کو اپنے کامیاب ان-کنٹری ویلیو (ICV) پروگرام کے ذریعے مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
ادنوک کے کمرشل اینڈ ان-کنٹری ویلیو ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر صالح الہاشمی نے کہاکہ، "65.7 ارب درہم مالیت کے تجارتی معاہدے مقامی سپلائرز کو دینے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ادنوک کا ان-کنٹری ویلیو پروگرام کس حد تک ملک میں اقتصادی و صنعتی ترقی کو آگے بڑھا رہا ہے۔ ان معاہدوں کے ذریعے ہم معیشت میں مثبت اثرات پیدا کرتے ہیں، مقامی ٹیلنٹ کے لیے مہارت پر مبنی روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہیں اور نجی شعبے میں مسابقت کو فروغ دیتے ہیں۔"
اہم معاہدہ حاصل کرنے والوں میں NMDC انرجی، ٹارگٹ انجینئرنگ، الظفرہ کوآپریٹو سوسائٹی، عرب ڈیولپمنٹ اسٹیبلشمنٹ، ایکسل ایسٹرا انجینئرنگ، روبٹ اسٹون، جِسکو، اور یورو مکینیکل اینڈ الیکٹریکل کانٹریکٹنگ شامل ہیں۔
ادنوک آئندہ پانچ برسوں میں اپنے ان-کنٹری ویلیو پروگرام کے تحت مزید 200 ارب درہم (54.5 ارب امریکی ڈالر) ملکی معیشت میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جبکہ 2030 تک 90 ارب درہم (24.5 ارب امریکی ڈالر) مالیت کی مصنوعات کو مقامی طور پر تیار کرنے کی حکمت عملی پر بھی کام جاری ہے۔
ادنوک نے حال ہی میں ‘میک اٹ وید ادنوک’ کے نام سے ایک موبائل ایپ متعارف کرائی ہے، جو سپلائرز، SMEs اور کاروباری افراد کو کمپنی کی خریداری کی ضروریات سے متعلق معلومات فراہم کرتی ہے اور تجارتی مواقع تک رسائی آسان بناتی ہے۔
2018 میں شروع ہونے والا ان-کنٹری ویلیو پروگرام اب تک اماراتی شہریوں کے لیے 17,000 سے زائد نجی شعبے کی ملازمتیں پیدا کر چکا ہے، اور ملکی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ادنوک نے تمام مقامی کاروباروں، خواہ وہ تجربہ کار ہوں یا نوآموز، کو دعوت دی ہے کہ وہ کمپنی کے خریداری پروگرام سے فائدہ اٹھائیں اور قوم کی طویل مدتی خوشحالی میں کردار ادا کریں۔
ادنوک کے تجارتی مواقع سے متعلق مزید معلومات کے لیے کمپنی کا اسٹال "میک اٹ ان دی ایمریٹس فورم"
میں وزٹ کیا جا سکتا ہے، جو 19 سے 22 مئی تک ایڈنیک ابوظہبی میں جاری رہے گا۔