ولی عہد عجمان کا چین کے شہر چونگ چنگ کا چار روزہ دورہ؛ دوطرفہ تعاون کے فروغ پر توجہ

عجمان، 19 مئی، 2025 (وام)--عجمان کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ عمار بن حمید النعیمی منگل سے چین کے شہر چونگ چنگ کا چار روزہ سرکاری دورہ کریں گے، جس کا مقصد کئی اسٹریٹجک شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یہ تعاون دونوں فریقوں کے پائیدار ترقیاتی اہداف کی تکمیل میں مددگار ثابت ہوگا، اور عجمان اور چونگ چنگ کے درمیان موجودہ شراکت داری کو مزید گہرا کرے گا۔

دورہ اس اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ اس دوران عجمان حکومت اور چونگ چنگ میونسپلٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے، جس کے تحت دونوں شہروں کے مابین باضابطہ "ٹوئن سٹی" تعلقات قائم کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد مختلف اہم شعبوں میں مہارت اور علم کے تبادلے کی راہ ہموار کرنا ہے۔

شیخ عمار کا یہ دورہ عجمان کی بین الاقوامی سطح پر مضبوط، دیرپا اور نتیجہ خیز شراکت داریوں کے فروغ کے عزم کا مظہر ہے، جو "عجمان وژن 2030" کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔ اس وژن کا مقصد جامع و پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا اور عجمان کو سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے ایک ممتاز بین الاقوامی مرکز کے طور پر مستحکم کرنا ہے۔