ابوظہبی انڈسٹریل اسٹریٹجی سے صنعتی شعبے میں 23 فیصد اضافہ، اقتصادی تنوع کی رفتار تیز

ابوظہبی، 19 مئی، 2025 (وام)--ابوظہبی انڈسٹریل اسٹریٹجی (ADIS) نے امارت کے صنعتی شعبے میں نمایاں ترقی کی رفتار پیدا کی ہے اور اقتصادی تنوع کے عمل کو تیز تر کر دیا ہے۔ ابوظہبی محکمہ اقتصادی ترقی کے چیئرمین احمد جاسم الزعابی کے مطابق، جون 2022 میں ابوظہبی انڈسٹریل اسٹریٹجی کے آغاز کے بعد سے ابوظبی کا صنعتی جی ڈی پی 23 فیصد بڑھ کر 2022 کے 90.8 ارب درہم سے 2024 میں 111.6 ارب درہم تک پہنچ گیا، جبکہ صنعتی اداروں کی تعداد 19.4 فیصد اضافے سے 925 سے بڑھ کر 1,104 ہو گئی۔

’میک اٹ ان دی ایمریٹس‘ فورم کے چوتھے ایڈیشن کے افتتاحی دن ایک پینل گفتگو میں شرکت کرتے ہوئے الزعابی نے ان اقدامات اور پروگراموں پر روشنی ڈالی جو متحدہ عرب امارات اور ابوظبی کی جانب سے صنعتی ترقی کے فروغ اور طویل مدتی اقتصادی استحکام کے حصول کے لیے اختیار کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ایک جامع نظام تشکیل دیا ہے جو عالمی ٹیلنٹ اور معیاری سرمایہ کاری کو راغب کرتا ہے، جس کا ثبوت مختلف شعبوں، خصوصاً صنعتی شعبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) میں نمایاں اضافہ ہے۔

الزعابی نے مزید بتایا کہ یو اے ای کی صنعتی حکمت عملی نے ایک مضبوط فریم ورک فراہم کیا ہے جو صنعتی شعبے کو درپیش چیلنجز اور تیز رفتار تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اسے مضبوط بناتا ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت صلاحیتوں کی تربیت، مالی اعانت، کاروباری آسانی، سپلائی چین، ان-کنٹری ویلیو (ICV)، پائیداری، انڈسٹری 4.0، اور غیر ملکی سرمایہ کاری جیسے مختلف شعبوں پر توجہ دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ، "ہم وزارت صنعت و جدید ٹیکنالوجی (MoIAT) کے ساتھ مل کر ’آپریشن 300 ارب‘ کی کامیابی کے لیے کام کر رہے ہیں، جس کا مقصد 2031 تک صنعتی شعبے کا جی ڈی پی میں حصہ 300 ارب درہم تک بڑھانا اور نیٹ زیرو 2050 اسٹریٹجی کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔"

الزعابی نے وضاحت کی کہ ابوظیبی کا صنعتی شعبہ 2024 میں ملک کے کل صنعتی جی ڈی پی کا 53 فیصد فراہم کرنے میں کامیاب رہا، جو 2023 میں 51.3 فیصد اور 2022 میں 46 فیصد تھا۔ انہوں نے اسے "فالکن اکانومی" کا اہم ستون قرار دیا، جو ابوظبی کو خطے کا سب سے مسابقتی صنعتی مرکز بنانے کی جانب گامزن ہے۔

2024 میں ابوظیبی کا مینوفیکچرنگ سیکٹر امارت کے غیر تیل جی ڈی پی کا 17.3 فیصد اور کل جی ڈی پی کا 9.5 فیصد رہا، جو کہ صنعتی شعبے کی پائیدار نمو کی عکاسی کرتا ہے۔

2025 کی پہلی سہ ماہی میں صنعتی ترقی کا تسلسل جاری رہا، نئے جاری کردہ صنعتی لائسنسز کی تعداد میں 4.7 فیصد اضافہ ہوا، جو پچھلے سال کی اسی مدت کے 85 کے مقابلے میں 89 ہو گئی۔ اسی طرح تعمیر سے پیداوار کے مرحلے میں منتقل ہونے والے صنعتی منصوبوں کی تعداد میں 65 فیصد اضافہ ہوا، جو Q1-2024 میں 20 کے مقابلے میں Q1-2025 میں 33 رہی۔

فالکن اکانومی کے تحت ابوظبی عالمی سطح پر جدید صنعتوں اور ٹیکنالوجی کا مرکز بنتا جا رہا ہے، جہاں مالیات، جدید مینوفیکچرنگ، مصنوعی ذہانت، اور نئی توانائی جیسے شعبوں میں عالمی معیار کے حب قائم کیے جا رہے ہیں۔

ابوظبی مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے اور معیشت کو پائیدار بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی شعبہ جاتی کلسٹرز بھی متعارف کرا رہا ہے، جن میں اسمارٹ اور خودکار گاڑیوں کی صنعت (SAVI)، زرعی خوراک و آبی وسائل (AGWA)، اور صحت و طویل العمری (HELM) شامل ہیں۔