ابوظہبی، 19 مئی، 2025 (وام)--کِنسوگی ہولڈنگ کی ذیلی کمپنی "اینیرون" نے متحدہ عرب امارات میں منعقدہ "میک اٹ ان دی ایمریٹس2025" فورم میں اپنی جدید پولیس پیٹرول گاڑی میگنس – پولیس پیٹرول متعارف کرائی، جو کہ مقامی طور پر تیار کی جانے والی آئندہ نسل کی سیکیورٹی گاڑیوں کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
یہ گاڑی ابتدائی طور پر 2024 میں جیٹکس اور 2025 میں آ یڈیکس کے دوران ایک کانسیپٹ کے طور پر پیش کی گئی تھی، اور اب یہ ٹیکنالوجی ڈیمونسٹریٹر (TD) مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ کمپنی کے مطابق، میگنس کو مکمل طور پر متحدہ عرب امارات میں ڈیزائن، انجینئر اور اسمبل کرنے کا ہدف ہے، جو ملکی سطح پر خود انحصاری کی حامل نقل و حرکت کی ٹیکنالوجیز کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
جدید پیٹرولنگ آپریشنز کے لیے تیار کردہ میگنس TD میں درج ذیل خصوصیات شامل ہیں:
- ہائبرڈ الیکٹرک انجن، جس سے کم اخراج اور "سائلنٹ واچ" کی صلاحیت حاصل ہوتی ہے؛
- ڈرون کی تعیناتی کے لیے مربوط نظام؛
- ٹیکٹیکل گریڈ موبیلٹی اور مشن کے مطابق تیار کردہ اندرونی ڈیزائن؛
- GPU پر مبنی AI سسٹم، جو چہرے کی شناخت، نمبر پلیٹ کی پہچان، اور 360 درجے کی صورتحال سے آگاہی کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر کِنسوگی ہولڈنگ کے منیجنگ ڈائریکٹر شان تیو نے کہاکہ، "میگنس محض ایک گاڑی نہیں بلکہ قومی صلاحیت کی علامت ہے۔ اینیرون کے ذریعے ہم متحدہ عرب امارات کی سیکیورٹی ضروریات کے مطابق خود مختار موبیلٹی پلیٹ فارمز تیار کر رہے ہیں، اور میک اٹ ان دی ایمریٹس2025 اس عزم کو دنیا کے سامنے لانے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔"
فیوچر سسٹمز کے نائب صدر طارق البنای نے کہاکہ، "یہ پیٹرول گاڑیوں کی حدود کو نئی جہت دینا ہے۔ میگنس ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو نقل و حرکت، مصنوعی ذہانت اور آپریشنل تیاری کو یکجا کرتا ہے، اور اسے حقیقی دنیا کے منظرناموں کو مدنظر رکھتے ہوئے، متحدہ عرب امارات میں تیار کیا گیا ہے۔"
اینیرون کی جانب سے میک اٹ ان دی ایمریٹس2025 میں میگنس کا تعارف نہ صرف مقامی انجینئرنگ کی مہارت کی عکاسی کرتا ہے بلکہ یہ متحدہ عرب امارات کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کے تحت وہ اہم سیکیورٹی ٹیکنالوجیز میں ترقی، درآمدات پر انحصار میں کمی، اور مقامی صلاحیتوں کے ذریعے صنعتی جدت کو فروغ دے رہا ہے۔