ابوظہبی، 20 مئی، 2025 (وام)--الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائندے، عزت مآب شیخ حمدان بن زاید النہیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے وژن کی بدولت متحدہ عرب امارات جدید صنعتوں کا ایک نمایاں عالمی مرکز بن چکا ہے۔
یہ بات انہوں نے ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر میں جاری سالانہ "میک اٹ ان دی ایمریٹس" نمائش کے دورے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دانشمند قیادت صنعتی شعبے کو مستحکم کرنے اور قومی ہنرمند افرادی قوت کو فروغ دینے کو خصوصی اہمیت دیتی ہے، کیونکہ یہ مقامی معیشت کی ترقی، تنوع اور استحکام کے لیے ایک بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔
نمائش کے چوتھے ایڈیشن میں اعلیٰ حکومتی و نجی شعبے کے عہدیداران، سرمایہ کار، صنعت کار، ماہرین اور مالیاتی اداروں کے نمائندگان شریک ہیں۔
دورے کے دوران شیخ حمدان کو صنعتی مصنوعات، جدید ٹیکنالوجی اور حلوں سے متعلق بریفنگ دی گئی، جو صنعتی شعبے میں ترقی اور اقتصادی تنوع و عالمی مسابقت میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو اجاگر کرتے ہیں۔
انہوں نے قومی سطح پر حاصل کردہ کامیابیوں اور اختراعی اقدامات پر فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ "میک اٹ ان دی ایمریٹس" قیادت کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد ایک متنوع، پائیدار اور جدت پر مبنی قومی معیشت کی تشکیل ہے۔
دورے کے دوران شیخ حمدان نے "سر گروپ" کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا، جو متحدہ عرب امارات میں تیل و گیس، لاجسٹکس اور افرادی قوت کی فراہمی کے شعبے میں ایک سرکردہ ادارہ ہے۔ افتتاحی تقریب میں سر گروپ کی نئی کارپوریٹ شناخت اور لوگو کا بھی انکشاف کیا گیا، جو کہ اماراتی ماحول میں مضبوطی، لچک اور پائیداری کی علامت "سرح" درخت سے متاثر ہے۔
تقریب کے دوران سیر گروپ اور ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) کے درمیان ایک اسٹریٹجک معاہدے کا اعلان بھی کیا گیا، جس کی مالیت 2 ارب درہم ہے۔ اس معاہدے کے تحت سر گروپ آئندہ پانچ برسوں میں ادنوک کو مختلف سازوسامان اور مشینری فراہم کرے گا، جو توانائی کے کلیدی منصوبوں کی معاونت کے لیے استعمال ہوں گے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی اور ادنوک کے منیجنگ ڈائریکٹر و گروپ سی ای او، ڈاکٹر سلطان احمد الجابر، اور سر گروپ کے چیئرمین کیپٹن محمد جمعہ الشامسی بھی موجود تھے۔ دستخط کنندگان میں ادنوک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے بزنس سپورٹ سیف الفلاحی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔
اس موقع پر ڈاکٹر سلطان احمد الجابر نے کہا کہ قیادت کی ہدایات کے مطابق ادنوک متحدہ عرب امارات میں اقتصادی، صنعتی اور لاجسٹک ترقی کے لیے اپنی شراکت داری کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس شراکت داری کو ایک اسٹریٹجک قدم قرار دیا جو طویل المدتی ویلیو پیدا کرنے اور دونوں اداروں کی ترقی میں معاون ثابت ہو گا۔
کیپٹن محمد جمعہ الشامسی نے کہا کہ سر گروپ کی نئی شناخت کا آغاز ادارے کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے، اور ہم اپنے کلائنٹس کو تیل و گیس، لاجسٹکس اور افرادی قوت کی فراہمی کے شعبوں میں مربوط، اختراعی اور پائیدار حل فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
قبل ازیں، سر گروپ کو "الظفرہ ٹیکنیکل سروسز" کے نام سے جانا جاتا تھا، جو "الظفرہ کوآپریٹو سوسائٹی" اور "دلما کوآپریٹو سوسائٹی" کے انضمام سے تشکیل پایا۔ یہ دونوں ادارے مرحوم شیخ زاید بن سلطان آل نہیان کے امیری احکامات کے تحت بالترتیب 1976 اور 1981 میں قائم کیے گئے تھے۔ وقت کے ساتھ ساتھ، یہ گروپ ابوظہبی کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں معاون ایک قابل اعتماد ادارے کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
"سرح" درخت، جو امارات میں ایک صدی سے زائد پرانا اور منفرد قوت برداشت کا حامل ہے، سیر گروپ کے لیے استقامت اور پائیدار مستقبل کی علامت بن چکا ہے۔