ابوظہبی، 20 مئی، 2025 (وام)--آرچر ایوی ایشن کے جنرل منیجر، ڈاکٹر طالب الہنائی نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی کے پہلے مکمل طور پر برقی عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ (eVTOL) طیارے "میڈ نائٹ" کی آزمائشی پروازیں 2025 کے اختتام سے قبل شروع کی جائیں گی۔
یہ بات انہوں نے ابوظہبی میں جاری "میک اٹ ان دی ایمریٹس" فورم کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ "میڈ نائٹ" متحدہ عرب امارات کے شہری فضائی نقل و حمل کے اہداف کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے ابتدائی آپریشنز ابوظہبی سے شروع ہوں گے اور بعد ازاں مکمل تجارتی نفاذ کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کمپنی نے حال ہی میں امریکی ریاست جارجیا میں ایک پیداواری سہولت کا افتتاح کیا ہے، جہاں ابتدائی سالانہ پیداواری صلاحیت 650 طیاروں کی ہے، جسے مستقبل میں بڑھا کر 2,400 کرنے کا منصوبہ ہے۔
متحدہ عرب امارات میں ممکنہ تیاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے، الہنائی نے بتایا کہ کمپنی نے ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس کے ساتھ ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت تحقیقاتی مرکز کے قیام اور مقامی سطح پر تیاری کے امکانات پر کام کیا جا رہا ہے۔ مزید تفصیلات جلد منظرعام پر لائی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ "میڈ نائٹ" کو پائیدار شہری ٹرانسپورٹ کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ مکمل طور پر برقی توانائی سے چلنے والا طیارہ ہے، جو ایک پائلٹ اور چار مسافروں کو لے جا سکتا ہے، اور عمودی طور پر ہیلی کاپٹر کی طرح اڑان بھرتا اور اترتا ہے۔ تاہم، اس کا ڈیزائن اور آپریٹنگ پروفائل مختصر فاصلے کی مؤثر پروازوں کے لیے موزوں ہے۔
ابتدائی آزمائشی پروازیں غیرآبادی علاقوں میں کی جائیں گی، جس کے بعد بتدریج شہری علاقوں میں آپریشنز کو وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تجارتی سروس کے آغاز کی کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی گئی، جو تمام تکنیکی اور آپریشنل تقاضے مکمل ہونے کے بعد طے کی جائے گی۔
جہاز کی تکنیکی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے الہنائی نے بتایا کہ "میڈ نائٹ" ایک فکسڈ ونگ اور 12 برقی موٹرز سے لیس ہے—جن میں سے چھ اگلے اور چھ پچھلے حصے میں نصب ہیں۔ اگلے موٹرز 90 سے 0 ڈگری کے درمیان گھومنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس کے ذریعے طیارہ محض 45 سیکنڈ میں عمودی پرواز سے افقی پرواز میں منتقل ہو سکتا ہے۔