’میک اٹ اِن دی امارات‘ فورم کے تیسرے روز صنعتی انقلاب، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر توجہ

ابوظہبی، 21 مئی، 2025 (وام)-- ’میک اٹ اِن دی امارات‘ فورم کے تیسرے روز کا آغاز ایک جامع پروگرام کے ساتھ ہوا، جس کا موضوع "ذہین صنعت سازی – صنعتی انقلاب 4.0 اور مصنوعی ذہانت" تھا، جس میں صنعتی شعبے میں تکنیکی تبدیلی اور جدت کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔

یہ دن متحدہ عرب امارات کی صنعت 4.0، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی میں قائدانہ کردار کو اجاگر کرتا ہے، جو آٹومیشن، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے صنعتوں کے مستقبل کو تشکیل دے رہا ہے۔

پروگرام کا آغاز وزارتی مکالموں سے ہوا، جن میں ملک کے اختراعی ماحولیاتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی کے فروغ پر بات کی گئی۔ اس کے بعد اعلیٰ سطحی قائدین کے پینلز منعقد ہوئے، جن کا عنوان "امارات کی صنعت 5.0 کی جانب پیش رفت: مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور انسانی تخلیقی صلاحیت"تھا۔ ان نشستوں میں ملک کی جانب سے صنعت 5.0 کے سفر پر روشنی ڈالی گئی، جو مصنوعی ذہانت سے تقویت پا رہا ہے۔

اجلاسوں میں اس امر پر بھی گفتگو کی گئی کہ ٹیکنالوجی، تحقیق اور سرمایہ کاری کس طرح سے سمارٹ صنعتوں، جدید بنیادی ڈھانچے اور مینوفیکچرنگ کے ماحولیاتی نظام کو ازسرنو متعین کر رہے ہیں۔

پروگرام کے دوران ایک خصوصی نشست بھی منعقد ہوئی جس کا موضوع "تخلیقی معیشت اور ٹیکنالوجی – صنعتی ترقی کے لیے ایک محرک"تھا۔ اس میں اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ ٹیکنالوجی کس طرح صنعت کاری میں نمو کے لیے ایک محرک کے طور پر کام کر رہی ہے۔

مزید برآں، ایک پینل کا انعقاد "ڈیجیٹل دور کی توانائی: توانائی بچانے والے ڈیٹا سینٹرز کا مستقبل" کے عنوان سے کیا گیا، جس میں ڈیجیٹل عہد کے تقاضوں کے مطابق توانائی کی بچت کرنے والے ڈیٹا سینٹرز کے ارتقاء پر روشنی ڈالی گئی۔

فورم کے تیسرے روز کا اختتام ایک اہم نشست سے ہوا جس کا موضوع"سرحدوں سے ماورا جدت – سائنس ڈپلومیسی اور متحدہ عرب امارات کے صنعتی منظرنامے کا مستقبل" تھا۔ اس میں سائنس ڈپلومیسی کے ذریعے صنعتی شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے امکانات اور مستقبل کی جہتوں پر غور کیا گیا۔