ابوظہبی، 21 مئی، 2025 (وام)--ادنوک ڈسٹری بیوشن نے قومی سطح پر اختراعات کے فروغ اور اماراتی ٹیلنٹ کو بااختیار بنانے کے لیے منعقدہ ممتاز پلیٹ فارم "میک اٹ اِن دی ایمریٹس 2025" میں شرکت کے ذریعے پائیدار صنعتی ترقی اور مقامی مواد کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اماراتی خبر رساں ایجنسی (وام) سے گفتگو کرتے ہوئے ادنوک ڈسٹری بیوشن کے سی ای او، انجینئر بدر اللمکی نے کہا کہ فورم میں کمپنی کی شرکت اس کی اُس حکمتِ عملی کا مظہر ہے جس کے تحت قومی مصنوعات کی حمایت اور نوجوان اماراتی کاروباری شخصیات کو بااختیار بنانے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ادنوک ڈسٹری بیوشن، اعلیٰ معیار کی بنیاد پر مقامی سپلائی چینز کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہا ہے، جن میں "ادنوک ووئیجر" لبریکنٹس کی متحدہ عرب امارات میں تیاری بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ساتھ مصر میں بھی اضافی پیداواری یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں، اور کمپنی کے لبریکنٹس اس وقت 47 عالمی منڈیوں تک برآمد کیے جا رہے ہیں۔
"ادنوک ووئیجر" متحدہ عرب امارات کا معروف لبریکنٹس برانڈ ہے، جسے دنیا کے 47 ممالک میں برآمد کیا جا رہا ہے۔ حال ہی میں کمپنی نے "ووئیجر پلاٹینم پلس ایکو" کے نام سے ایک جدید لبریکنٹ متعارف کرایا ہے، جو متحدہ عرب امارات میں اپنی نوعیت کی پہلی مصنوعات ہے، جو API SQ / ILSAC GF-7 کے جدید انجن آئل اسٹینڈرڈز پر پورا اترتی ہے۔ یہ معیار مارچ کے آخر میں متعارف کرایا گیا تھا، اور ادنوک کی یہ نئی پروڈکٹ دنیا کی ان چند اولین مصنوعات میں شامل ہے جو اس پر پوری اترتی ہیں۔
ادنوک ڈسٹری بیوشن کے سی ای او نے مزید کہا کہ رواں ماہ کے اختتام تک مصر میں "ادنوک ووئیجر" لبریکنٹس آزاد ڈسٹری بیوٹرز کے ذریعے باقاعدہ دستیاب ہوں گے، جس سے برانڈ کی موجودگی ایڈنک اسٹیشنز سے باہر بھی مستحکم ہو گی۔
انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ نوآموز کمپنیوں اور مقامی برانڈز کے ساتھ شراکت داری ادنوک ڈسٹری بیوشن کے اس عزم کو ظاہر کرتی ہے کہ وہ اماراتی ٹیلنٹ میں سرمایہ کاری اور ان کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
ادنوک ڈسٹری بیوشن کی "میک اٹ اِن دی ایمریٹس" فورم میں شرکت متحدہ عرب امارات کی صنعتی حکمت عملی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مقامی معیشت کی ترقی کے لیے کمپنی کے پائیدار عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ متعدد اسٹریٹجک اقدامات کے ذریعے کمپنی ملک میں تیار کردہ مصنوعات، نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں اور پائیدار مقامی سپلائی چینز کی حمایت میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے۔
"میک اٹ اِن دی ایمریٹس" فورم، قومی حکمتِ عملی برائے صنعت و جدید ٹیکنالوجی کی معاونت کرتا ہے، جو سپلائی چینز کی مقامی سطح پر ترقی، سرمایہ کاری اور شراکت داری کے ذریعے صنعتی ترقی کو فروغ دینے، مصنوعی ذہانت کی بنیاد پر جدت، مالی معاونت، اور نوآموز کاروباروں کے استحکام پر مرکوز ہے۔