دبئی، 23 مئی، 2025 (وام)--رواداری و بقائے باہمی کے وزیر اور امارات کرکٹ بورڈ کے چیئرمین، شیخ نھیان بن مبارک النھیان نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف تاریخی فتح پر متحدہ عرب امارات کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔
شیخ نھیان نے اپنے بیان میں کہا کہ، "امارات کرکٹ بورڈ، تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں بنگلہ دیش کے خلاف یو اے ای کی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر فخر محسوس کرتا ہے۔ پوری ٹیم نے سیریز کے دوران بہترین کھیل پیش کیا، جب کہ معاون عملے نے بھی کامیابی کے حصول میں بھرپور محنت کی۔"
انہوں نے کہاکہ، "میں پوری ٹیم کو دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور آنے والے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ امارات کرکٹ بورڈ اپنے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اعلیٰ ترین سہولیات اور بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کے مواقع فراہم کرتا رہے گا۔ یو اے ای نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مسلسل نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اور بنگلہ دیش کے خلاف یہ سیریز جیت ہماری کرکٹ کی تاریخ کا ایک اور قابلِ فخر باب ہے۔"
شیخ نھیان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ افغانستان اور نیوزی لینڈ جیسے تجربہ کار ٹیسٹ ٹیموں کے خلاف ماضی میں حاصل کی گئی فتوحات کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں، اور اُنہیں مزید مضبوط ٹیموں کے خلاف بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے متحرک کرتی ہیں۔