دبئی، 25 مئی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی سرپرستی میں عرب میڈیا سمٹ 2025 کل (پیر) دبئی میں شروع ہو رہی ہے، جو 28 مئی تک جاری رہے گی۔
اس تین روزہ اجلاس کو خطے کا سب سے بڑا میڈیا تھنک لیڈرشپ پلیٹ فارم قرار دیا جا رہا ہے، جس میں متحدہ عرب امارات اور عرب دنیا بھر سے تقریباً 8 ہزار میڈیا پیشہ ور، وزرا، ممتاز شخصیات، اداروں کے سربراہان، ایڈیٹرز، مواد تخلیق کرنے والے، اثرورسوخ رکھنے والے افراد، میڈیا ٹیکنالوجی ماہرین اور ماہرین تعلیم شریک ہوں گے۔
تقریباً 300 سے زائد مقررین، 175 مرکزی سیشنز، اور 35 ورکشاپس پر مشتمل ایجنڈا مستقبل کے میڈیا کے چیلنجز اور مواقع پر سیر حاصل مکالمے، اشتراک اور تجزیے کا موقع فراہم کرے گا۔
دبئی میڈیا کونسل کی وائس چیئرپرسن اور مینیجنگ ڈائریکٹر، دبئی پریس کلب کی صدر اور عرب میڈیا سمٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کی چیئرپرسن مونا غانم المری نے شرکاء اور مقررین کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تیزی سے بدلتی میڈیا دنیا کے تناظر میں ایک واضح وژن اور مستقبل بین حکمت عملی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ، ’’گزشتہ دو دہائیوں سے عرب میڈیا فورم نے میڈیا انڈسٹری کی بڑی تبدیلیوں پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔ آج کی دنیا میں جدید ٹیکنالوجی، خاص طور پر مصنوعی ذہانت اور امیورسو ٹیکنالوجیز کے انضمام نے نئے اور نوجوانوں پر مبنی، ترقی پسند وژن کی ضرورت پیدا کی ہے۔ ہمارا مقصد عرب میڈیا کو علاقائی ہی نہیں بلکہ عالمی ترقی میں بھی فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔‘‘
مونا المری نے عرب میڈیا ایوارڈ، ابداع – عرب یوتھ میڈیا ایوارڈ اور عرب سوشل میڈیا انفلوئنسرز ایوارڈ کے فاتحین کا خیرمقدم بھی کیا، جن کا تعلق متحدہ عرب امارات اور دیگر عرب ممالک سے ہے۔
اس اجلاس میں جامعہ الازہر کے امامِ اعظم پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، لبنان کے وزیراعظم نواف سلام، متعدد وزرا، سینئر حکام، نامور اداروں کے مدیران اور مقامی و بین الاقوامی میڈیا اداروں کے سربراہان شریک ہوں گے۔
دبئی فلمز اینڈ گیمز کمیشن کی جانب سے اجلاس کے دوران فلم اینڈ گیمنگ فورم کا آغاز کیا جائے گا۔ اس موقع پر 'عرب میڈیا آؤٹ لک – فیوچر وژن 2024-2028' رپورٹ بھی جاری کی جائے گی، جس میں خطے میں ابھرتے رجحانات، ٹیکنالوجی اپنانے کے رحجانات، اور ناظرین کے رویّے پر مبنی ڈیٹا سے بھرپور تجزیہ پیش کیا جائے گا۔
تین روزہ ایجنڈے میں 175 سے زائد سیشنز اور 35 ورکشاپس شامل ہوں گی، جن کی میزبانی عالمی میڈیا ادارے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کریں گے۔ اجلاس میں 26 ممالک سے شرکاء شریک ہوں گے۔
سمٹ کے دوران عرب اور عالمی اداروں کے درمیان شراکت داری کے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے، جبکہ بند نشستوں میں ممتاز شخصیات سے ملاقاتیں اور چار خصوصی میڈیا ریٹریٹس بھی ہوں گی، جن کا مقصد ٹیلی ویژن، پرنٹ میڈیا، ڈیجیٹل میڈیا، اور پوڈکاسٹنگ جیسے اہم میڈیا شعبوں کے لیے نئی اسٹریٹجک حکمت عملیوں کی تشکیل ہے۔
ایوارڈ تقاریب کے دوران عرب میڈیا ایوارڈ، ابداع – عرب یوتھ میڈیا ایوارڈ، اور عرب سوشل میڈیا انفلوئنسرز ایوارڈ کے فاتحین کو اعزازات سے نوازا جائے گا، جن کے لیے ہزاروں اندراجات موصول ہوئیں۔
عرب میڈیا سمٹ 2025 میں مختلف ادارے بطور شراکت دار معاونت فراہم کر رہے ہیں، جن میں ڈی پی ورلڈ (اسٹریٹجک پارٹنر)، دبئی الیکٹرسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی (سستین ایبلٹی پارٹنر)، اینوک (انرجی پارٹنر)، دبئی چیمبرز (مین پارٹنر)، دبئی میونسپلٹی (فیوچر سٹی پارٹنر)، امارات ایئرلائن (ایئرلائن پارٹنر)، امارات این بی ڈی (بینکنگ پارٹنر)، دو (du) (ٹیلی کام پارٹنر)، اور دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (مووبیلٹی پارٹنر) شامل ہیں۔
یونائیٹڈ عرب امارات یونیورسٹی تعلیمی شراکت دار جبکہ دبئی میڈیا انکارپوریٹڈ اور انٹرنیشنل میڈیا انویسٹمنٹس (IMI) اسٹریٹجک میڈیا پارٹنرز کے طور پر اجلاس کی معاونت کر رہے ہیں۔