عمان، 26 مئی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی قومی جیو جِتسو ٹیم نے مبادلہ انویسٹمنٹ کمپنی کی سرپرستی میں نویں ایشیائی جیو جِتسو چیمپئن شپ میں اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے بالغوں کے شعبے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اردن کے دارالحکومت عمان میں جاری چیمپئن شپ کے دوسرے دن خواتین کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ٹیم نے مزید پانچ تمغے حاصل کیے، جن میں دو طلائی، ایک چاندی، اور دو کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ مجموعی طور پر اماراتی ٹیم کے تمغوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔
عائشہ الشامسی (45 کلوگرام) اور شمہ الکلبانی (63 کلوگرام) نے طلائی تمغے جیتے، جبکہ مریم العلی (45 کلوگرام) نے چاندی اور حمدہ الشکیلی (48 کلوگرام) اور اسماء الحوسنی (52 کلوگرام) نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔
یو اے ای جیو جِتسو فیڈریشن کے تکنیکی شعبے کے ڈائریکٹر مبارک صالح المنہالی نے اس شاندار کارکردگی پر کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد دی۔ ان کے مطابق، "یہ کامیابیاں کئی مہینوں کی بھرپور تیاری اور تربیت کا نتیجہ ہیں۔ ہماری خواتین کھلاڑیوں نے مہارت، اعتماد اور نظم و ضبط کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جو کہ فیڈریشن کی حکمت عملی، قیادت کی سرپرستی، اور بااختیار بنانے کے وژن کی عکاسی کرتی ہیں۔"
شمہ الکلبانی نے 63 کلوگرام کیٹیگری میں طلائی تمغہ حاصل کرنے پر کہاکہ، "یہ فتح میرے لیے بے حد معنی رکھتی ہے۔ مسلسل تربیت اور ذہنی یکسوئی کے ساتھ مقابلہ مکمل کرنا ایک غیر معمولی تجربہ تھا۔ جب میں اعزاز حاصل کرنے کے لیے اسٹیج پر پہنچی اور امارات کا قومی ترانہ بجا، تو وہ لمحہ میرے لیے جذبات سے بھرپور اور ناقابل فراموش تھا۔"
اسی طرح عائشہ الشامسی، جنہوں نے 45 کلوگرام کیٹیگری میں طلائی تمغہ حاصل کیا، نے کہا کہ ٹیم کی کامیابی جامع تیاری اور بھرپور جذبے کا نتیجہ ہے۔ ان کے بقول، "جب میں نے اسٹیج پر کھڑے ہو کر اماراتی پرچم کو بلند ہوتے دیکھا، تو مجھے ایک بے مثال فخر محسوس ہوا۔ یہ لمحہ ہمیشہ میرے ساتھ رہے گا۔"
ٹیم کی مہم پیر کے روز انڈر-21 شعبے کے مقابلوں کے ساتھ مکمل ہوگی، جہاں مزید تمغوں کی امید کی جا رہی ہے، تاکہ چیمپئن شپ کی درجہ بندی میں امارات کی بالادستی کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔